یوپی میں ایک سے بارہویں تک کے تمام اسکول،کالجز، کوچنگ مراکز بند

لکھنؤ(آئی این ایس انڈیا) کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر یوپی حکومت نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ یوپی حکومت کے حکم کے مطابق اب ریاست میں 30 اپریل تک کلاس 1 سے کلاس 12 تک کے تمام اسکول،کالجز اور کوچنگ بند کردیئے گئے ہیں۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے طے شدہ امتحان جاری رہے گا۔ اس وقت کے دوران، اساتذہ اور دیگر عملے کوضرورت کے مطابق بلایا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل یوپی حکومت نے 1 اپریل سے 8 کلاس تک کے تمام اسکولوں کو 11 اپریل تک بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔کوویڈ۔19 کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روزلکھنؤ میں ایک میٹنگ کی۔ میٹنگ میں، وزیراعلیٰ نے فوری طور پر 2000 آئی سی یو بیڈ کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ ایک ہفتہ میں 2000 ہزار اضافی کوویڈ بستروں کا انتظام کرنے کو کہا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست کے تمام ڈی ایموں سے کہا ہے کہ وہ ضلع کے تمام کووید اسپتالوں میں آکسیجن کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ شہر میں دستیاب 48 سرکاری ایمبولینسوں کی تعداد دوگنا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹیلی میڈیسن سہولت لکھنؤ، کانپور، پریاگراج اور وارانسی میں کوویڈ انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شروع کرنے کو کہا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.