نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا):اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کورونا بحران کو لے کر مرکز اور اتر پردیش کی بی جے پی حکومت پر جم کر نشانہ لگایا۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کورونا بحران کا پہلے تالی اور تھالی بجا کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن بعد میں انہیں لاک ڈاؤن کا سہارا لینا پڑا۔بی جے پی کو غریبوں کے درد کے بارے میں سمجھنا چاہئے۔بغیر کسی تیاری کی وجہ سے لاک ڈاؤن نے غریبوں کا بہت نقصان کیا ہے۔جس طریقے سے تصاویر ہم نے لاک ڈاؤن کے دوران دیکھیں ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔لوگ پیدل سامان لیے ہوئے اپنے خاندان کے ساتھ سینکڑوں میلوں کا سفر طے کر رہے تھے۔کئی غریبوں کی راستے میں ہی موت ہو گئی۔یوپی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے یوگی مہاراج کسی سے مشورہ نہیں لینا چاہتے ہیں۔وہ صرف اپنی ٹیم کے لوگوں کی باتیں ہی مانتے ہیں۔اگر وقت رہتے ٹرین چلا دی جاتی اور بسوں کے ذریعے لوگوں کو لے آتے تو کئی مزدوروں کی جان بچائی جا سکتی ہے۔پورے معاملے میں بی جے پی کا بے حسی والا چہرہ سامنے آیا ہے۔ اکھلیش یادو نے مہاجر مزدوروں سے کرایہ لیے جانے پر بھی سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامہ ہونے کے بعد ریلوے نے اپنے قدم واپس کھینچ لیے۔بی جے پی ایک طرف تو ڈیجیٹل انڈیا کی بات کرتی ہے، ملک ہی میں نہیں بلکہ اپنے کام کا ڈنکا بیرون ملک میں بھی پیٹتی ہے، اور دوسری طرف پیدل چلنے والے غریبوں کی مدد نہیں کر پاتی ہے۔آج ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا ہندوستان کی یہ تصویر دیکھ رہی ہے۔اس دنیا میں ہندوستانی کی شبیہہ کیسی بن رہی ہوگی۔اتر پردیش کی سیاست پر بحث کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے صاف کر دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں اکیلے ہی الیکشن لڑیں گے۔کانگریس یا بی ایس پی سے اتحاد کی قیاس آرائی کو درکنارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا خیال ہے کہ انتخابات اب ہم اکیلے ہی لڑیں گے، حالانکہ انہوں نے کہا کہ وہ چھوٹی جماعتوں کے ساتھ ہاتھ ملا سکتے ہیں۔