کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ، حکم امتناعی نافذ

رانچی(آئی این ایس انڈیا) کورونا کے بڑھتے ہوئے کیس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مکمل الرٹ موڈ پر آگئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کورونا گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سختی کرنا شروع کردیا ہے۔ لوگوں کو گھر کے باہر بھیڑ لگاکر ہولی کھیلنے سے منع کردیا ہے۔ صدر علاقہ کے ایس ڈی او سمیرا ایس نے دفعہ 144 کا استعمال کرتے ہوئے پورے صدر علاقہ میں پابندی عائد کردی ہے۔ حکم امتناعی پہلے 29 مارچ تک نافذ کیا گیا تھا،لیکن اب اس میں توسیع کرتے ہوئے 30 مارچ تک کیلئے نافذ کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پورے صدر علاقہ میں تمام عوامی پروگراموں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نیز شب برات، رام نومی، سرہول جیسے مذہبی پروگراموں پر بھی ریلی اور جلوس نکالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔رانچی میں کسی بھی تنظیم اور جو لوگ پہلے ہی پروگرام کی پرمیشن لے چکے تھے،انہیں بھی فوری طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔ ایس ڈی او نے اپنے آرڈر میں کہا ہے کہ جو بھی اجازت دی گئی ہے اسے فی الفور منسوخ کیا جاتا ہے۔ اس کے خلاف اگر کوئی تنظیم، یا شہری عوامی طو ر پر پروگرام کرتا ہے، یا دفعہ 144 کی خلاف ورزی پائی جاتی ہے، تومتعلقہ شخص اور ادارے پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خلاف ورزی ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔خیال رہے کہ ہر قسم کی ریلی اور جلوس پر پابندی ہے۔ سرہول اور رام نومی کے موقع پر ریلی، جلوس اور شوبھا یاترا پر بھی پابندی ہوگی۔ڈی جے اور تیز آواز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ گانوں، تقاریر یا دیگر موادجو اشتعال انگیز ہوں، فحاشی پر مبنی ہوں اور فرقہ وارانہ جذبات کو برانگیختہ کرتے ہوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.