
پٹنہ(آئی این ایس انڈیا) پٹنہ کے دانا پورمیں ایک مسافر گاڑی کے گنگا ندی میں گرنے کے بعد کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔ یہ حادثہ جمعہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی کم سے کم 25 افراد کو لے کر پیپا پل کے راستے جارہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نے گاڑی سے اپنا توازن کھودیا اور جیپ ندی میں گر گئی۔ مسافر تلک تقریب سے واپس آرہے تھے۔ جائے وقوع پر موجود امدادی کارکنوں نے ندی سے 10لاشیں برآمد کیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش ابھی جاری ہے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رماکانت سنگھ (75)، گیتا دیوی (60)، اروند سنگھ (50)، سروج دیوی (65)، انورادھا دیوی (75) اور آشیش (8) کے نام سے ہوئی ہے۔ 12 اور 14 سال کی عمر کے دو دیگر بچوں کی لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔