ممبئی(آئی این ایس انڈیا) کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ریم ڈیسویر انجکشن کی قلت کے بعد اب آکسیجن کی کمی میں بھی اضافہ ہوا ہے، یہ آکسیجن مریضوں کے لئے لازمی ہیں۔ ممبئی کے نالاسوپارہ میں کرونا کے 7 مریضوں کی آکسیجن کی قلت کے باعث موت کاالزام لگایا جارہا ہے۔ اہل خانہ کاالزام ہے کہ لوگوں کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ اس کے خلاف اسپتال کے باہر بھی ہنگامہ بھی کیا، تاہم اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریضوں کی موت نہیں ہوئی ہے۔ ڈاکٹر نے کہا کہ علاقہ میں سنگین مریضوں کے لئے یہ واحد ہسپتال ہے، موت کی وجہ زیادہ عمر اور دیگر عوارض ہیں۔ادھر سینئر پولیس انسپکٹر راجندر کمبل نے کہا کہ آکسیجن صبح 3 بجے فراہم کی گئی تھی، اسپتال انتظامیہ سے اہل خانہ کی نوک جھونک اور ہنگامہ آرائی اسپتال کے بل کی وجہ سے ہوئی ہے، اگر ہلاک شدگان کے لواحقین اسپتال کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں تو وہ اس کے مجاز ہیں۔ اسپتال کا کہنا ہے کہ مرنے والے زیادہ تر مریض پہلے ہی تشویشناک حالت میں تھے یا بڑھاپے کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں میں مبتلا تھے۔ان اموات کے بعدہلاک شدگان کے لواحقین نے اسپتال کے باہر ہنگامہ کیا، اور احتجاج درج کرایا۔ پولیس بھی بھیڑ کو قابو کرنے اور کسی طرح کے تشدد کے امکان سے بچنے کے لئے موقع پر پہنچ گئی۔ واضح ہو کہ مہاراشٹر حکومت کے وزیر صحت راجیش توپے نے بھی ریاست میں آکسیجن کی کمی کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمسایہ ریاستوں سے آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔