
نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)دارالحکومت دہلی کے چھتر پور میں آئی ٹی بی پی کا کوڈ کیئر سنٹر پیر کی صبح دس بجے سے کھل گیا ہے۔ اسپتال کھلتے ہی ایمبولینسوں اور لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ پولیس اور انتظامیہ لاؤڈ اسپیکر پر مستقل اعلان کر رہے ہیں کہ واک ان مریض کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ نہ ہی یہاں آئی سی یو بیڈز ہیں لہٰذاسنگین مریض یہاں نہ آئیں۔ آئی ٹی بی پی کے اس اسپتال میں اس وقت 500 بستر ہیں اور سب میں آکسیجن کی سہولت موجود ہے، لیکن آنے والے دنوں میں اس کی گنجائش میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ آئی ٹی بی پی نے دہلی حکومت کے اشتراک سے پروٹوکول تیار کیا ہے۔ اس پروٹوکول کے مطابق کوویڈ مریض دہلی کے ڈسٹرک سرویلنس آفیسر (ڈی ایس او) کے حوالہ سے ہی داخلہ حاصل کر سکیں گے۔ آئی ٹی بی کے مطابق کوویڈ کے کسی بھی مریض کو واک ان داخلہ نہیں دیا جائے گا۔آئی ٹی بی پی کے اس اسپتال کا نام سردار پٹیل کوویڈ کیئر سنٹر بھی ہے۔ یہ چھترپور کے رادھا سوامی ستیہ سنگ ویاس کی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ڈی آر ڈی او کے اسپتال کا نام بھی سردار پٹیل اسپتال ہے اور یہ ہوائی اڈے کے قریب ہے۔معلومات کے مطابق دارالحکومت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر دہلی حکومت نے وزارت داخلہ سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا مطالبہ کیا تھا۔ کیونکہ انڈو تبتی بارڈر پولیس، یعنی آئی ٹی بی پی کورونا سے لڑنے کے لئے وزارت داخلہ کی وزارت کی نوڈل ایجنسی ہے، اس لیے چھترپور میں اس اسپتال کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔