نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا): دہلی میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔دارالحکومت میں کورونا کے مریض بڑھ گئے ہیں اور اب دہلی میٹرو بھی اس کی زد میں آگیا ہے۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے کہا ہے کہ اس کے 20 ملازمین کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں حالانکہ کارپوریشن نے کہا ہے کہ فی الحال تمام ملازمین کی حالت ٹھیک ہے۔دارالحکومت میں اب تک عام لوگوں کے علاوہ میڈیکل اسٹاف، پولیس اہلکاروں اور سی آر پی ایف اہلکاروں میں بھی کورونا کے معاملے سامنے آئے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے جب دہلی میٹرو کے ملازمین کو کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے تقریباً20 ملازمین کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ کسی بھی ملازم میں کوئی علامات نہیں پائی گئیں ہیں اور سب صحت مند ہیں۔ دہلی میٹرو کی خدمات طویل وقت سے بند ہیں۔ پہلی مرتبہ ڈی ایم آر سی نے 22 مارچ کو ملک بھر میں عوامی کرفیو کے دن خدمات بند کیں۔ اس وقت سے میٹرو خدمات مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند کردی گئیں۔ حالانکہ دارالحکومت دہلی سمیت ملک بھر میں ٹرانسپورٹ خدمات آہستہ آہستہ شروع ہوگئیں، لیکن میٹرو سروس کو موجودہ 30 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی میں ایک ہزار سے زائد کورونا کے مریض پائے جارہے ہیں۔ دارالحکومت میں اب تک 650 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ اب تک 25004 مریض سامنے آئے ہیں۔