رمضان کیا ہے؟

ramazan-kiya-hai

رمضان اسلامی کلینڈر کا نواں مہینہ ہے۔ صحت مند مسلمانوں کے لئے اس پورے مہینے ميں روزے رکھنے ضروری ہیں۔ اور روزہ رکھنے کا ایک بڑا اجر ہے جس کا قران و احادیث میں متعدد مرتبہ ذکر کیا گیا ہے۔ اسی لئے یہ مہینہ دینی و روحانی حیثیت سے سال کے بارہ مہینوں میں سب سے مبارک اور افضل مہینہ تصور کیا جاتا ہے۔ کیونکہ قران مقدس کا نزول اسی مہینہ میں ہوا، اور خدا نے اس مہینے کی نسبت، خاص اپنی طرف کی ہے۔ اس مہینے کی فضیلت میں بہت ساری احادیث مذکور ہیں۔ اس مہینے میں ہر عمل کا اجر دوسرے مہینوں کی بنسبت کئی گنا زیادہ ہوجاتا ہے۔

رمضان المبارک انفرادی و اجتماعی تربیت کا ایسا عملی نظام ہے جس میں خدا کی رضا کے علاوہ ایثار و قربانی، برداشت، صبر و استقامت کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ اور بھوکا پیاسا رہنے سے غرباء و مساکین اور ان مستحق لوگوں کی تکلیف کا احساس بھی ہوتا ہے جنہیں دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ یہی وہ اوصاف ہیں جو ایک انسان کو مکمل انسان بنانے کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔ اور بندے کا خالق و مخلوق سے رشتہ مستحکم بنیادوں پر استوار ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ روزہ انسانوں کو نظم و ضبط کی پابندی سکھاتا ہے اور صبر و شکر کی تعلیم بھی دیتا ہے۔ اور چونکہ روزہ دار رضائے الہی  کے لیے خود کو بھوکا پیاسا رکھتے ہیں، جس سے اس میں اپنی ذات کی نفی اور دوسروں کے لیے اچھا انسان بننے کی امنگ پیدا ہوتی ہے۔نیز روزہ انسانی جسم اور صحت کے لئے ایک نہایت مفید عمل ہے جس سے کئی بیماریوں سے چھٹکارا پانا ممکن ہے۔

رمضان اور روزے کی تفصیلی معلومات کے لئے مندرجہ ذیل کتابوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

“رمضان کیا ہے؟”

یہ کتاب مولانا محمد عبد اللہ دہلوی کی کتاب ہے۔ جس میں نہایت آسان اور عام فہم زبان میں رمضان کی فضیلت و اہمیت، روزے کے فضائل و احکام، اس کی فرضیت کی تاریخ، اس کے دینی اور دنیوی فائدے اور حکمتیں، تراویح، اعتکاف اور اخیر عشرے کے فضائل وغیرہ پر تفصیلی اور تحقیقی روشنی ڈالی گئی ہے۔

ramzan-kya-hai

https://www.rekhta.org/ebook-detail/ramazan-kiya-hai-mohammad-abdullah-dehlvi-ebooks?lang=ur

“برکات رمضان”

یہ کتاب قد آور عالم دین مولانا منظور نعمانی کی کتاب ہے۔ جو اپنے وقت میں رسالہ “الفرقان” میں بھی شائع ہوچکی ہے۔ یہ مختصر کتاب بلکہ رسالہ اپنے وقت سے آج تک یکساں طور پر مقبول ہے۔ اس رسالہ میں رمضان اور اس کے اعمال خیر کا تفصیلی ذکر ہے۔ نیز سحری و افطار، شب قدر اور عید الفظر وغیرہ کے متعلق صحیح احادیث کی روشمی میں بحث کی گئی ہے۔

barkat-e-ramzan

https://www.rekhta.org/ebook-detail/barkaat-e-ramazan-mohammad-manzoor-nomani-ebooks?lang=ur

“اکابر کا رمضان”

یہ شیخ الحدیث مولانا ذکریا کی کتاب ہے۔ جس میں مختلف شہادتوں کے ساتھ یہ بیان کیا گیا ہے کہ اکابر کرام اور مشائخ عظام کا رمضان کے مہینہ میں کیا معمول تھا۔ وہ کس طرح روزہ رکھتے تھے اور ان کی عبادتوں کے کیا معمولات تھے۔ اس سلسلے میں تقریبا ۱۲ مشائخ کا ذکر ہے۔

akabir-ka-ramazan

https://www.rekhta.org/ebook-detail/akabir-ka-ramzan-maulana-mohammad-zakariyya-ebooks?lang=ur

“تحفہ رمضان”

یہ ناظم داود نگری کا منظوم رسالہ ہے جس میں رمضان کے فضائل و برکات کا ذکر ہے۔ یہ کتابچہ پہلی بار ۱۹۴۵ میں شائع ہواتھا۔ زیر نظر منظوم رسالہ کو از سر نو ساحر داود نگری نے مرتب کیا ہے۔ اس رسالہ کے اشعار رمضان کی فضیلتوں اور عظمتوں کے نقوش دل پر چھوڑتے ہیں۔ اس میں موجود کئی اچھی نظمیں جیسے ‘وقت سحر’، ‘اٹھو سونے والے تمہیں کچھ خبر ہے’، ‘حق کا فرمان’، ‘جنت کے دروازے’ وغیرہ ایسی نظمیں ہیں جو نہ صرف فنی خوبیوں پر پورا  اترتی ہیں بلکہ انسانی اخلاق و کردار کو سنوارنے اور راہ مستقیم پر چلنے کا پیغام دیتی ہیں۔ ناظم داود نگری ایک گم نام شخصیت، جن کو شاعرانہ شہرت اور مقبولیت تو نہ حاصل ہوئی لیکن ان کا زیر نظر کلام قوت سخن گویائی اور زبان و بیان پر عبور کی سند ہے۔

tohfa-e-ramazan

https://www.rekhta.org/ebook-detail/nazim-daudnagri-aur-tohfa-e-ramazan-ebooks?lang=ur

رمضان المبارک اور روزے کی فضیلت و اہمیت کے علاوہ دینیات کی دیگر شاخوں کی تفصیلی معلومات کے لئے ریختہ ای بک کا قصد کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.