ہمدرد جماعت وملت ظہیر احمد خان میرٹھی کا انتقال پر ملال

دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے صوبائی جمعیت اہل حدیث مغربی یوپی کے نائب امیر جناب جمیل احمد خان صاحب کے برادر بزرگ محترم جناب ظہیر احمد خان صاحب کے انتقال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے، ان کی موت کو جماعت اور ملت کا خسارہ قرار دیا ہے اور ان کے پسماندگان اور اہل خانہ سے قلبی تعزیت کی ہے۔
امیر محترم نے کہا کہجناب ظہیر احمد خان صاحب بڑے خلیق اور ملنسار انسان تھے۔آبائی وطن میرٹھ ہے،لیکن ممبئی کے کرلا میں مقیم تھے اور اتم اسٹیل ممبئی میں منیجر کے منصب پر فائز تھے۔جمعیت وجماعت سے کافی ہمدردی رکھتے تھے اور احقر نے جب بھی ان کو یاد کیا بہت اپنائیت سے ملے اور تعاون پیش کرنے کی امیدیں دلائیں۔ جمعیت و جماعت اور ملت کو ان سے بڑی امیدیں تھیں۔لیکن وہ اپنی حیاتِ مستعار کے شب و روز پورے کر کے مالک حقیقی سے جاملے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

پریس ریلیز کے مطابق ممبئی کے اہم اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی بھیڑ کے سبب بیڈ خالی نہ ہونے کی وجہ سے کئی دنوں قبل ہارٹ اٹیک کے فورا بعد ان کو کسی اچھے اسپتال میں داخلہ نہیں مل سکا تھا۔ امیر محترم نے دیر سے خبر ملنے کے فورا بعد بعض اطباء اور احباب کی مدد سے اس سلسلہ میں کوشش کی اور ان کے ایڈمٹ ہونے کی پوری امید ہو چلی تھی لیکن تب تک بہت تاخیر ہوچکی تھی اور اس طرح گذشتہ کل مورخہ ۷۲/مئی کو رات کے تقریبا گیارہ بجے ممبئی میں ان کا انتقال ہوگیا۔ اور آج صبح چھ بجے ممبئی میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں اہلیہ، ایک صاحب زادے اور دوصاحبزادیاں ہیں۔اللہ رب العزت ان کی حسنات کو قبول فرمائے، سیئات سے درگزر کرے،جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب فرمائے،پسماندگان بیوہ،اکلوتے صاحب زادے،صاحبزادیوں، تمام بھائیوں جمیل احمد خان صاحب،شکیل احمد خان صاحب وغیرہ، دیگر رشتہ داروں اور متعلقین کو صبر جمیل کی توفیق بخشے اور جمعیت وجماعت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published.