اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول، جیت پور، نئی دہلی میں قومی سمپوزیم 3ستمبرکو

IGIS
نئی دہلی:جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ بہار کے مدیر مولانا محمد اظہر مدنی نے اخبار کے نام جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ بہارکے زیراہتمام کل مورخہ۳؍ستمبر۲۰۱۸ء بروز سومواربوقت ساڑھے دس بجے صبح جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ کی شاخ اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول،سلام نگر، جیت پور،پارٹ۔۲، نئی دہلی میں ایک قومی سیمپوزیم بعنوان :’’امن و امان کے قیام میں خیرسگالی، قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری کا کردار‘‘نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہورہا ہے جس میں سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوں گی اور اظہار خیال فرمائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک یا قوم آپسی اتحاد و یگانگت، باہمی میل جول،فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی و فکری رواداری اور یکجہتی و خیرسگالی جیسے مبارک جذبات،خوشگوار تعاملات اور مسلمہ اقدار کی بدولت زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھتی، تہذیبی و تمدنی منازل طے کرتی اور امن و خوشحالی کی برکتوں سے ہمکنار ہوتی ہے اور جب یہ صفات محمودہ اور جذبات صالحہ مفقود ہوجاتے ہیں تو آپسی ٹوٹ پھوٹ ، بے اعتمادی، نفرت و عداوت، عدم تحمل،کشیدگی و اشتعال انگیزی، فرقہ وارانہ منافرت اور بدامنی و بے چینی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔
مولانا محمد اظہر مدنی نے پروگرام کی اہمیت و ضرورت واضح کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز ہندوستان جو مختلف مذاہب، زبانوں اور تہذیبوں کا عظیم گہوارہ ہونے کے باوجود کثرت میں وحدت کا حسین منظرپیش کرتا ہے، اس کی خوبصورتی اور ترقی کا راز بھی مذہبی رواداری ،قومی یکجہتی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسانیت نوازی میں مضمر ہے اور یہی گنگا جمنی تہذیبی روایت اس کی شناخت و امتیاز ہے جسے بہرحال باقی رکھنے اور فروغ دینے کی ازحد ضرورت ہے تاکہ یہ دیش روایتی طور پر امن و شانتی، خوشحالی اور ترقی کے اعلی منازل طے کرتا رہے اور یہ ہردیش واسی کی ذمہ داری خصوصا دین اور دھرم میں یقین رکھنے والوں کا فریضہ ہے۔جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ جو دین و ملت اور انسانیت کی خدمت میں یقین رکھتی ہے، انہی مقاصد اور جذبے کے پیش نظر اس حوالے سے اپنی کوششیں برابر جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ قومی سیمپوزیم اسی سلسلہ کی اہم کڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *