مرکزی جمعیت اہل حدیث کی جانب سے سیلاب متاثرین کے مابین کمبل تقسیم

Releif

نئی دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیر محترم مولانا ا صغر علی امام مہدی سلفی کے زیر قیادت مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا ایک اعلیٰ سطحی دعوتی، تعلیمی وراحتی وفد جس میں ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی اورناظم مالیات الحاج وکیل پرویز شامل تھے تین روزہ دورہ ئمغربی بنگال سے آج دہلی واپس آگیا۔ جو مورخہ 21/نومبر کی صبح سے شروع ہواتھا۔ اس دوران معزز وفد نے متعددتعلیمی وتربیتی اداروں کی زیارت اور دعوتی وتعلیمی پروگراموں میں شرکت کی اور مختلف مقامات پر موسم سرما کی مناسبت سے سیلاب متاثرین کے مابین بڑی تعداد میں کمبل کی تقسیم عمل میں آئی۔اوریہ سلسلہ آج شام تک جاری رہا۔

مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی ودیگرمعزز اراکین وفد نے مورخہ21/نومبر کو شہر کولکاتہ کے معروف تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعۃ الہدی الاسلامیہ کے تعلیمی پروگرام میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ پھر وہاں سے مالدہ روانہ ہوگئے۔ جہاں اگلے دن کئی مقامات پر سیلاب متاثرین کے مابین موسم سرما کے پیش نظر بڑی تعداد میں کمبل تقسیم کیے۔ معززاراکین وفد نے اس دوران جامعہ عربیہ فیض الغرباء کھردھیل، کلیہ الحجاز للبنات سندرپوراور مدرسہ سعید پور دلال پور وغیرہ کی زیارت کی اورذمہ داران، اساتذہ اورطلبہ وطالبات سے ملاقاتیں کیں۔ امیرمحترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے گاجول کی مرکزی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا اور معروف دینی وملی شخصیات الحاج عبدالرشید مالیر کوٹلہ کی غائبانہ نمازجنازہ کی امامت فرمائی۔ مفید مشورے دیے اورنصیحتیں کیں۔ آج مورخہ 23کو جامعہ رحیمیہ ابراہیمیہ سلفیہ کلیاچک مالدہ میں ضلعی سطح کے دعوتی وتربیتی پروگرام میں شرکت فرمائی اورخطاب کیا۔ جس میں مغربی بنگال کے تقریبا تمام اضلاع کے نمائندگان شریک رہے۔

اس اجلاس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیرمحترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی اورناظم مالیات الحاج وکیل پرویز کے علاوہ صوبائی جمعیت اہل حدیث مغربی بنگال کے قائم مقام امیر مولانا شمیم اخترندوی، قائم مقام ناظم مولانا ذکی احمد مدنی، صوبائی جمعیت اہل حدیث بہارکے ناظم مولانا انعام الحق مدنی وغیرہ نے خطاب کیا۔ ضلعی جمعیت اہل حدیث مالدہ کے ناظم مولانا محمداسرائیل سلفی نے امیرمحترم کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا۔ اس پروگرام میں ضلعی جمعیت اہل حدیث مالدہ کے نائب امیر مولانا ظہیر الدین ندوی اورخازن مولانا غیاث الدین ریاضی کے علاوہ متعدد شرکاء نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔ اوراس طرح یہ دورہ مکمل ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *