
نئی دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے گذشتہ کل وشاکھا پٹنم میں ایک کیمیکل پلانٹ سے گیس لیک حادثے میں بچوں سمیت تقریبا ایک درجن افراد کی موت اور تین سو سے زائدافراد کے بیمار ہونے پر شدید رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اور کہا ہے کہ ایسے وقت میں جبکہ پورا ملک عالمی وبا کورونا کی وجہ سے لاک ڈاءون کی مصیبتوں اور آزمائشوں سے گزررہا ہے، اس حادثے نے ان میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔
امیر محترم نے اپنے بیان میں اورنگ آباد ٹرین حادثہ پر بھی گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے جس میں سولہ مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔
امیر محترم نے اپنے بیان میں حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کے پلانٹ کی دیکھ ریکھ کا مزید معقول بندوبست کریں اور دونوں حادثوں کی اصل وجوہات کا پتہ لگا کر ان کا تدارک کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے رو ح فرسا واقعات رو نما نہ ہوں ۔ اسی طرح امیر محترم نے عوام و خواص اور ہر محب وطن وانسانیت سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ہر سطح پر دستور ،ا خلاق اور ہدایات کی پابندی کریں ، ایک دوسرے کا تعاون کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو انسانی ہمدردی، باہمی تعاون اور حب الوطنی کے جذبے سے انجام دیں تو وہ اس طرح کے حادثات کو روکنے میں معاون ہوسکتے ہیں اور اس طرح کی انہونی کو ٹالا جاسکتا ہے ۔ امیر محترم نے دونوں دلدوز حادثات کے مہلوکین کے ورثاء سے قلبی تعزیت کی ہے اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔