سوشل میڈیاپرجاری نئی ہدایات کومدنظر رکھ کر لیا گیا فیصلہ
نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ سماعت کے لئے اب واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ویڈیو کانفرنس کے لنکس شیئر نہیں کرے گا۔ ہفتہ کے روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے یہ معلومات دی۔ رجسٹرار آفس نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ گروپ کے بجائے اس سماعت سے متعلق وکلاء اور فریقین کے رجسٹرڈ ای میل آئی ڈی اور موبائل نمبر عدالت میں ورچوئل سماعت کے لئے ویڈیو کانفرنس کے لنک کو شیئر کرنے کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ حال ہی میں نافذ ہونے والے انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی رولز 2021 (انٹرمیڈیٹ اینڈ ڈیجیٹل میڈیا اخلاقیات کوڈ کیلئے رہنما اصول) کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہے۔رجسٹرار آفس کے سرکلر کے مطابق یکم مارچ سے عدالت میں ورچوئل سماعت کے لئے ویڈیو کانفرنس کے لنک کی معلومات متعلقہ وکیلوں اور فریقوں کے رجسٹرڈ ای میل آئی ڈی اور موبائل نمبر پر دی جائے گی۔ نیز تمام وکلاء اور فریقین کو یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ، میڈیا اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر حکومت ہند کے نافذ کردہ قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے بعد ورچوئل سماعت کے لئے ویڈیو کانفرنس کے لنکس شیئر کرنے کے لئے واٹس ایپ گروپ بنانے پر پابندی ہے۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے جمعرات کو سوشل میڈیا کمپنیوں کے احتساب سے متعلق قواعد میں تبدیلی اور نئے رہنما خطوط کا اعلان کیاہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لئے نئے رہنما خطوط بھی جاری ئے ہیں، جسے انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی رولز 2021 (انٹرمیڈیٹ اینڈ ڈیجیٹل میڈیا اخلاقیات کوڈ کے لئے رہنما خطوط) کا نام دیا گیا ہے۔