ممبئی(آئی این ایس انڈیا)شیوسیناکے لیڈر سنجے راوت نے اتوار کے روزکہاہے کہ گجرات اور بعد میں ممبئی اور دہلی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ کے استقبال کے لیے احمد آباد میں جمع کیے گئے ہجوم کی وجہ سے ہواجس میں ٹرمپ کے وفد کے کچھ ارکان نے حصہ لیا تھا راوت نے مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ لاک ڈاؤن کو بغیر کسی منصوبے کے نافذکیاگیاتھا لیکن اب اسے ہٹانے کی ذمہ داری ریاستوں پرچھوڑدی گئی ہے۔شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نے کہاہے کہ مہاراشٹراحکومت کو گرانے کے لیے بی جے پی کی تمام کوششوں کے باوجود، مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ یہ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کامضبوط اتحادہے۔شیوسینا کے ترجمان سامنامیں اپنے ہفتہ وار کالم میں، راوت نے کہاہے کہ اس سے انکارنہیں کیاجاسکتا کہ گجرات میں کورونا وائرس پھیل گیا جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے استقبال کے لیے جمع ہجوم تھا۔ٹرمپ کے ہمراہ وفد کے کچھ ارکان ممبئی، دہلی بھی گئے تھے جس کی وجہ سے وائرس پھیل گیا۔ٹرمپ اوروزیر اعظم نریندر مودی نے 24 فروری کو احمد آباد میں ایک روڈ شوکیاجس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ روڈ شوکے بعد، دونوں رہنماؤں نے موٹیرا کے نئے کرکٹ گراؤنڈ میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں سے خطاب کیا۔