کہا- وزیر کے خلاف الزامات کو لے کرہائی کورٹ جانا چاہئے
نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے لیٹر بم کیس میں ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کی درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔ سپریم کورٹ نے پرمبیر سنگھ سے ہائی کورٹ جانے کو کہا ہے۔ نیز سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو کسی بھی قسم کی ہدایت دینے سے انکار کردیا کہ اس معاملے کو کل ہی سماعت کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ یہ ہائی کورٹ فیصلہ کرے گا۔جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس آر سبھاش ریڈی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ سنگین ہیں، اس میں کوئی شک نہیں۔ یہ بدقسمتی ہے کہ پولیس اصلاحات سے متعلق اعلیٰ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس اصلاحات کا معاملہ تب ہی پیدا ہوتا ہے جب کچھ سیاسی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ نیز عدالت نے کہا کہ ہم آرٹیکل 32 کے تحت جو کر سکتے ہیں، وہ ہائی کورٹ 226 کے تحت کیوں نہیں کرسکتا۔ انہیں بھی وہی حقوق حاصل ہیں۔درخواست میں پرمبیر سنگھ نے مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دیش مکھ کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے اس حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا جس کے تحت انہیں ممبئی پولیس کمشنر کے عہدے سے ٹرانسفرکیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ سپریم کورٹ ریاستی حکومت کو ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے سے روکے۔ پرمبیر سنگھ نے کہا تھا کہ دیشمکھ کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج فوری طور پر قبضہ کرلینا چاہئے۔