نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) ملک میں کورونا کے حالات سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ ویکسین کی مختلف قیمتیں کیوں سامنے آرہی ہیں۔ ویکسین کی مختلف قیمتوں پر مرکزی حکومت کیا کر رہی ہے۔عدالت نے کہا کہ حکومت کو ڈرگ کنٹرولر ایکٹ اور پیٹنٹ ایکٹ کے تحت اختیار حاصل ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ مرکز کس طرح اپنے وسائل جیسے فوجی فورس، نیم فوجی دستے اور ریلوے کااستعمال کررہا ہے۔ اس پر مرکز نے کہا کہ وسائل کا صحیح استعمال کیا جارہا ہے۔کورونا پر مختلف ہائی کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ اس پر عدالت نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ہائی کورٹ مقامی حالات کو بہتر طور پر جانتی ہے، لہٰذا ہم اس سماعت کو نہیں روکیں گے۔آخری سماعت کے دوران سابق چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس ایل ناگیشورا راؤ اور ایس رویندر بھٹ نے کئی بار کہا کہ ان کا قطعی طور پر کسی بھی ہائی کورٹ کو سماعت سے روکنے کا ارادہ نہیں تھا۔ ان کی کوشش صرف یہ ہے کہ قومی سطح پر ضروری ادویات اور آلات کی تیاری اور نقل و حمل میں آرہی پریشانیوں کو کم کیا جائے۔