نئی دہلی:حضرت مولانا ولی رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ و امیرشریعت بہار اڑیسہ و جھارکھنڈکی طبیعت ناساز چل رہی ہے۔مولانا موصوف چند دنوں سے پٹنہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل ہیں۔امارت شرعیہ کے فیس بک پر مولاناولی رحمانی کےلئے دعائے صحت کےلئے اپیل کی گئی ہے۔دیگرسوشل میڈیا پروائرل خبروں کے مطابق، مولانا کی طبیعت پہلے کے مقابلے میں نازک بنی ہے۔
امارت شرعیہ کے فیس بک پر جاری بیان کے مطابق، مفکراسلام امیر شریعت بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ حضرت مولاناسید محمد ولی رحمانی صاحب مدظلہ العالی اس وقت علیل ہیں، اور پٹنہ راجا بازار کے پارس ایچ ایم آر آئی اسپتال میں آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
وہ شخصیت جنہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی لمحہ قوم و ملت کی خیر خواہی میں صرف کیا آج ان کی زندگی سخت خطرے میں ہے، پٹنہ راجا بازار کے پارس ایچ ایم آر آئی اسپتال میں آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، ائمہ مساجد،علماء سے خصوصی گذارش کی جاتی ہے کہ پانچوں نمازوں کے علاوہ قبولیت کے مخصوص اوقات میں حضرت امیر شریعت کی صحت کے لئے خصوصی دعافرمائیں۔ان کیلئے صدقات و خیرات،تلاوت تسبیحات اور دعاء یونس کا اہتمام کریں۔ حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم کی علالت کی خبر سے پورے ملک کے مسلمانوں میں بے چینی ہے، ہرجگہ دعاؤں کا اہتمام کیاجارہاہے، حضرت امیر شریعت کی شخصیت امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم نعمت ہے، حضرت کی نگرانی وسرپرستی میں امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، رحمانی فاؤنڈیشن، رحمانی ۳۰، جامعہ رحمانی ودیگر سیکڑوں ادارے مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، موجودہ وقت میں جب کہ ہندوستانی مسلمان مختلف مسائل سے پریشان ہیں، حضرت امیرشریعت کا بیمار پڑنا مسلمانوں کے لئے سخت تشویش کا باعث ہے، اس لئے تمام عوام وخواص حضرت امیر شریعت مد ظلہ العالی کی جلد صحتیابی کے لئے دعاء فرمائیں۔