نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)مہینے کی شروعات خوردہ ایندھن کی قیمتوں میں استحکام کے ساتھ شروع ہوئی ہے۔ یکم مارچ 2021 کو تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ہے۔ اتوار کے روز بھی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔ آخری بار اس میں اضافہ ہفتے کے روز ہوا تھا۔ تاہم واضح رہے کہ گزشتہ مہینے یعنی فروری میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طورپر14 دن اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ کمی کسی دن نہیں ہوئی تھی۔آخری ترمیم کے بعد آئیے دیکھتے ہیں کہ ملک کے بڑے شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کیا ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی تیل تقسیم کرنے والی کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 91.17 روپئے اور ڈیزل 81.47 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ ہفتے کے روز پٹرول میں 24 پیسے اور ڈیزل میں 15 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ ممبئی میں پٹرول 97.57 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 88.60 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ ملک کے چار میٹرو سٹی دہلی، ممبئی، کولکاتہ اور چنئی میں سب سے مہنگے پٹرول ہیں۔ کولکاتہ میں ہفتہ کے روز پیٹرول کی قیمت 91.35 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 84.20 سے بڑھ کر 84.35 روپئے فی لیٹر ہوگئی۔ چنئی میں پٹرول کی قیمت 93.11 روپئے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 86.45 روپئے فی لیٹر ہے۔