سہرسہ:کوروناوائرس کی وجہ پوری دنیا تھم سی گئی ہے جوجہاں ہیں اسے وہیں رہنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے ایسے مشکل حالات میں لاکھوں یومیہ مزدور،پرائیوٹ ملازمین اور مدارس وکالج کے ہزاوں طلبہ وطالبات اور اساتذہ جن کاتعلق بہارکے مختلف اضلاع سے ہیں وہ دہلی،مہاراشٹر،گجرات،اترپردیش،تامل تاڈو،کرناٹک،مدھیہ پردیش، تلنگانہ، ہریانہ، راجستھان، اتراکھنڈ سمیت ملک کے مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں جن کاکوئی پرسان حال نہیں ہے حد تو یہ ہے بہار کے الگ الگ ضلعوں میں کام کرنے والے لوگ اور طلبہ جو بآسانی اپنے گھر جاسکتے ہیں لیکن حکومت بہار کی سختی اور اجاز ت نہ ملنے کی وجہ سے دانے دانے تک کیلئے ترس گئے ہیں،ایسے تمام پریشان حال لوگوں کی فوری مدد کیلئے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں ورنہ لاکھوں لوگ فاقہ کشی اور خودکشی سے مرنے پرمجبورہوجائیں گے جو بہار کیلئے بیحد شرمناک اور انتہائی تشویش ناک بات ہے ان خیالات کااظہارصحافی وسماجی کارکن شاہنواز بدر قاسمی نے کیا۔انہوں نے بہارکے وزیر اعلی نتیش کمارسے مطالبہ کیاہے وہ حکومتی سطح پر لوگوں کی مدد کیلئے منظم طریقہ پر ٹیم بنائیں،اب تک بہار سرکارکی طرف سے پھنسے ہوئے لوگوں کیلئے زمینی سطح پر مدد نہیں ہوپارہی ہے جو سرکاری دعوے ہیں ان کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے،یہ ایک تلخ سچائی ہے کہ اب تک بہارسے تعلق رکھنے والے لوگ کوروناوائرس سے کم اور فاقہ کشی کی وجہ سے زیادہ دم توڑچکے ہیں،مختلف شہروں کیلئے جو ہیلپ لائن نمبرات جاری کئے گئے وہ سب کے سب فرضی ہیں،ایسے مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے شہریوں کی فکر کرنااور ہرممکن مددکیلئے عملی اقدامات کرناحکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
شاہنواز بدر نے کہاکہ لوک ڈاؤن کی وجہ سے بہارکے اکثر لوگ باہر پھنسے ہوئے ہیں،یومیہ مزدوری،جوب اور مدارس میں پڑھنے والے بچے بیحد پریشانی میں ہیں،بہت سے مستحقین ایسے ہیں جن کو مدد کی فوری ضرورت ہے لیکن ان کی مدد کرنیوالاکوئی نہیں ہے،کئی شہروں سے ایسی خبریں بھی آرہی ہیں کہ دوسری ریاستوں میں پھنسے بہارکے لوگوں کوجبرابھگایاجارہاہے،ان کے پاس نہ ایک وقت کے کھانے اور علاج کاپیسہ ہے، ایسے میں کیاکریں،سمجھ سے بالاترہے،ہم حکومت بہار کے وزیراعلی نیتش کمار اور دیگر اہم ذمہ داران سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان لاکھوں ضرورت مندوں کے تعاون کیلئے عملی اقدامات کریں،سرکاری سطح پر ان تمام ریاستوں کے وزیر اعلی اور اہم افسران سے یہ اپیل کی جائے کہ مصیبت زدہ لوگوں کو پریشان نہ کیاجائے اور بہار کے لوگوں کامکمل خیال رکھاجائے،ایسے تمام لوگ جو بہاراور بہارسے باہر پھنسے ہوے ہیں ان سب کو گھر تک پہنچانے کیلئے حکومت مفت اسپیشل ٹرین اور بس کاانتظام کریں تاکہ لاکھوں لوگوں کی جان بچائی جاسکے۔
شاہنواز بدر نے کہاکہ بہارسرکاراس عالمی قہر کے سبب بہارمیں اگلے تین ماہ کیلئے بجلی بل،مکان کرایہ کی معافی کے ساتھ ہر فیملی کیلئے کم از کم دس ہزار کی مدد کو یقینی بنائیں ساتھ ایمرجنسی سروے کے ذریعہ اب تک جن غریبوں کاراشن کارڈ نہیں بن پایاہے ان کے را شن کارڈ بنوانے کابھی بندوبست کریں تاکہ ان حقیقی مستحقین کو بھی سرکاری مدد کافائدہ مل سکے۔