نئی دہلی:اردو زبان کے شیدائیوں کے لیے ریختہ ویب سائٹ پر اردو زبان کا پہلا ڈیجیٹل کراس ورڈ معمہ لانچ کیا گیا ہے۔ کراس ورڈ پزل یا معموں کی روایت اردو میں بہت پرانی رہی ہے۔ ایک زمانہ تھا جب ’شمع‘ جیسے رسالوں میں کراس ورڈ معمے شائع ہوتے تھے اور لوگ ان کا بے صبری سے انتظار کیا کرتے تھے۔ اس وقت معمے حل کرنا ایک سماجی اور ادبی سرگرمی ہوا کرتا تھا۔ اس کے بعد انٹرٹینمنٹ کے دوسرے ذرائع آگیے اور لوگ ان میں مشغول ہو گیے۔ پھر یہ بھی کہ ’شمع‘ جیسے رسالے بھی نہیں رہے۔ حالانکہ کچھ اردو اخبارات آج بھی کراس ورڈ معمے شائع کرتے ہیں۔
ریختہ نے انٹرٹینمنٹ کے اس جدید دور میں ایک بار پھر کوشش کی ہے کہ کراس ورڈ معمے حل کرنے کی دلچسپی دوبارہ لوگوں میں پیدا کی جائے اور انہیں اردو زبان و ادب سے متعلق اس دلچسپ کھیل کی طرف لایا جائے۔ اس مقصد کے تحت گیموں کی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی مشہور کمپنی ’امیوز لیب‘ کے ساتھ مل کر ریختہ نے اردو زبان کے لیے پہلا ڈیجیٹل کراس ورڈ پزل سسٹم ڈولپ کیا ہے۔
اردو کراس ورڈ پزل گزشتہ ہفتے ریختہ ویب سائٹ پر لانچ کر دیا گیا ہے۔ اور اس گیم سے دلچسپی رکھنے والے بے شمار لوگ اسے کھیل رہے ہیں۔ اس شروعاتی مرحلے میں ہر ہفتے نیا کراس ورڈ لانچ کیا جائے گا۔ اور جلد ہی متعینہ وقت میں معمہ حل کرنے والے افراد کو انعامات دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔
ریختہ کراس ورڈ کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں اردو زبان و ادب اور شعر و شاعری سے متعلق دلچسپ سوالات ہوں گے۔ یہ سوالات آپ کی معلومات میں اضافہ بھی کریں گے اور ساتھ ہی ا?پ کے لیے ایک طرح کی ذہنی ورزش کا کام بھی کریں گے۔
ریختہ ویب سائٹ کے ہوم پیج پر کراس ورڈ معمے کا سیکشن موجود ہے۔ یہ معمہ آپ اپنی موبائل اسکرین اور کمپیوٹر پر باآسانی حل کر سکے ہیں۔
ریختہ ویب سائٹ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اور ہر ممکن ذریعے سے اس کی اشاعت اور ترویج کا کام کررہی ہے۔ آئندہ دنوں میں ویب سائٹ کے صارفین کے لیے کئی اور دلچسپ گیم لانچ کیے جائیں گے۔ ان سب کا مقصد ٹیکنالوجی کی ہر ممکن صورت کو استعمال کرکے اردو زبان و ادب کا فروغ ہے۔
https://www.rekhta.org/games/urdu-crossword