چنڈی گڑھ:کانگریس کور کمیٹی کے رکن اور قومی میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ رافیل گھوٹالہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور وزیردفاع نرملا سیتا رمن کو ملک کے عوام کو جواب دینا ہوگا۔ 4100کروڑ روپے کے رافیل گھوٹالہ نے بی جے پی حکومت کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا ہے۔ بی جے پی حکومت نے دفاعی سودے کو لے کر ملک کو گمراہ کیا ہے۔ سرجے والا ہفتہ کو کانگریس بھون میں نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب منظرعام پرآئے ثبوتوں سے صاف ہوگیا ہے کہ انڈیا اسپیسفک اڈوانس اینہاسمنٹ کی بات کرکے قیمت بڑھائے گئے ہیں۔ اب یہ بالکل صاف ہوچکا ہے کہ بی جے پی حکومت نے ایک سے کانفیگریشن کے رافیل جہاز تین گنا زیادہ قیمت میں خریدے،یعنی کانگریس۔ یوپی اے حکومت کے دوراقتدار میں جس جنگی جہازکی قیمت526کروڑ روپے فی جہاز تھی وہیں برابر کانفیگریشن کے جنگی جہاز مودی حکومت کے دور اقتدار میں1670کروڑ روپے فی جنگی جہاز میں خریدے، جس کی سرکاری خزانہ کو41000کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ بی جے پی حکومت نے بھارتیہ فضائیہ سے صلاح ومشورہ کئے بغیر ہی 126رافیل جنگی جہازوں سے کم کرکے صرف36جنگی جہاز خریدنے کا یکطرفہ فیصلہ کرکے ملک کی سلامتی کے ساتھ سمجھوتہ کیا۔ سرکاری کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ ( ایچ اے ایل) کو ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی سے درکنار کرکے ملک کے مفاد کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔