نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)بھارت چین تنازعہ گذشتہ ایک ماہ سے جاری ہے۔ اب اس معاملے کے حوالے سے بھی سیاست شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس کے لیڈرراہل گاندھی نے مودی سرکار پرشاعرانہ اندازسے حملہ کیا۔راہل گاندھی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ایک بیان پرطنزکیاہے اورکہاہے کہ سب جانتے ہیں کہ سرحدوں پر کیا ہو رہا ہے۔در حقیقت، امت شاہ نے حکومت کی دفاعی پالیسی کی تعریف کی تھی،جس پرکانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے تنقید کی ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاتھاکہ ہندوستان کی دفاعی پالیسی کو عالمی سطح پر مقبولیت ملی ہے۔ پوری دنیااس بات پرمتفق ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے بعد، اگر کوئی دوسرا ملک اپنی سرحدوں کی حفاظت کرسکتا ہے تو وہ ہندوستان ہے۔اس پر راہل گاندھی نے طنزیہ انداز میں ٹویٹ کیا ہے کہ ”سیما“کی حقیقت کو سب جانتے ہیں لیکن، دل کو خوش رکھنے کے لیے یہ خیال اچھاہے۔ راہل گاندھی بھارت اور چین کی سرحد پر تعطل کے بارے میں حکومت سے مسلسل پوچھ گچھ کررہے ہیں۔ حال ہی میں اس نے سوال اٹھایاتھاکہ کیا حکومت اس بات کی تصدیق کر سکتی ہے کہ کوئی چینی فوجی ہندوستانی سرحد میں داخل نہیں ہواہے۔