حکومت کی پالیسی سے ہرطبقہ پریشان،روزگار،ویکسین کی کمی کے لیے کون ذمے دار؟
نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)اتوارکے روز کانگریس نے کوویڈ 19 وبا سے نمٹنے میں مبینہ ناکامی پر مرکز پر حملہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت کے تکبر اورنااہلی کے سبب، کورونا وائرس ہندوستان کی عوام اور معیشت کو تباہ کر رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشرے کا ہر طبقہ مشکلات میں ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ہے کہ کورونا پر کوئی کنٹرول نہیں، مناسب ویکسین نہیں ہے، روزگار نہیں ہے، نہ ہی کسان مزدوروں کی سنوائی ہے، نہ ہی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے (ایم ایس ایم ای) محفوظ ہیں، اور نہ ہی متوسط طبقہ مطمئن ہے۔ آم کھا تولیالیکن کم سے کم ’عام آدمی‘ کوچھوڑ دو۔کانگریس نے اپنے سرکاری ٹویٹر ہینڈل سے ملک کی صورتحال پر حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی نے ٹویٹ کیاہے کہ ایک سال گزر گیا لیکن کوویڈ۔19 ہندوستان کے عوام اور ہندوستان کی معیشت کو تباہ کررہی ہے۔اس کا سہرا مودی حکومت اور اس کے تکبر اور نااہلی کو جاتا ہے۔ایک اور ٹویٹ میں پارٹی نے دعویٰ کیاہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس بے لگام ہوتا جارہا ہے، ویکسینوں کی کمی ہے، کسان اور مزدورپریشان ہیں، معیشت ٹوٹ رہی ہے، چھوٹی صنعتیں، کاروبار گر رہے ہیں اور متوسط طبقہ بھی پریشان ہے۔