نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) پیر کے روز راہل گاندھی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر ٹویٹر کے ذریعے مودی حکومت پر حملہ کیا۔ کانگریس کے سابق صدر اور وایناڈ کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر لکھا ہے کہ ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ عوام کے لئے مودی حکومت کے اختیارات، کاروبار بندکردو، چولہا جلاؤاور جملے کھاؤ۔ یہ پہلا موقع نہیں جب مہنگائی کے موضوع پر راہل گاندھی نے مودی حکومت کے خلاف ایسی باتیں کہی ہیں، اس سے قبل بھی وہ اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت چاروں طرف سے مہنگائی کے معاملے پر گھری ہوئی ہے۔ ایک طرف جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کوپریشان کردیا ہے،دوسری طرف اب ایل پی جی کی قیمت کی اضافی قیمتوں نے لوگوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا۔ ایسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں نے بھی حکومت کے خلاف حملہ تیز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار دنوں میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ آج (یکم مارچ) سے تمام زمروں کی ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 روپئے فی سلنڈر کا اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چار دنوں میں ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ مارچ کے مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ اس سے قبل 25 فروری کو ایل پی جی کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا۔