نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز کہا کہ تینوں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو پیچھے ہٹانا ناممکن ہے اور حکومت کو ان قوانین کو واپس لینا ہو گا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’کسانوں کا بارش سے ناطہ پرانا،نہ ڈرتے نہ کرتے موسم کا بہانا، ظالمانہ حکومت کوپھرسے بتانا، کسانوں کو پیچھے ہٹاناناممکن، تینوں قوانین لینا ہوگا واپس،قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے دہلی کی مختلف سرحدوں پرکسان مظاہرہ کر رہے ہیں۔ان کا مطالبہ تین نئے زرعی قوانین کو واپس لینے اور کم سے کم سپورٹ قیمت کی ضمانت دینے والا قانون بنانا ہے۔ دوسری طرف حکومت نے تینوں قوانین کو زرعی اصلاحات کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور ان کے پاس اپنی پیداوار کو بیچنے کے لئے بہت سارے متبادل ہوں گے۔