نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے تحت کوڈ بیڈز اور میڈیکل آکسیجن کی کمی نے صحت کی خدمات کے بارے میں بڑے سوالات کھڑے کردئیے ہیں۔ کچھ جگہوں پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریض مر رہے ہیں تو کچھ لوگوں کو اسپتالوں میں بستر نہیں مل رہے ہیں۔ کانگریس رہنماراہل گاندھی نے جمعہ اس غیر متوقع بحران پر مودی سرکار پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ کی وجہ سے لوگوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لیکن اموات آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ کی کمی کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ایک ٹویٹ میں راہل گاندھی نے لکھا کہ کورونا سے مریض کا آکسیجن لیول گرسکتا ہے، لیکن آکسیجن اور آئی سی یو بیڈزکی کمی کی وجہ سے بہت ساری اموات ہو رہی ہیں۔ ہندوستانی حکومت! یہ آپ کی وجہ سے ہو رہا ہے۔واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے تحت لوگوں کے پھیپھڑوں سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کی آکسیجن کی سطح کم ہورہی ہے، لہٰذا اس بار میڈیکل آکسیجن کی ضرورت زیادہ ہے۔گذشتہ دنوں مہاراشٹر، دہلی سمیت متعدد ریاستوں کے اسپتالوں کے سامنے آکسیجن کی فراہمی، بستر اور ادویات کی کمی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ بہت سے اسپتال آکسیجن کی کمی کا شکار ہیں۔ جمعہ کی صبح سر گنگارام اسپتال جو دہلی کے ایک اعلی اسپتالوں میں سے ایک ہے،انہوں نے بتایا ہے کہ 25 مریض جو سب سے زیادہ بیمار تھے24 گھنٹوں کے اندر ہی دم توڑ چکے ہیں۔اسپتال نے کہا ہے کہ تمام اموات آکسیجن کی کمی کی وجہ سے نہیں ہوئی ہیں کیونکہ کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور کچھ بستر کی کمی کے باعث موت ہوئی۔