منموہن سنگھ کے خط پر پرینکاگاندھی کابیان

priyanka-mamohan

منموہن سنگھ کے خط پر پرینکا گاندھی نے کہا: جتنے احترام سے بھیجا گیا تھا ویسے ہی سننا چاہیے تھا
نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے بدھ کے روز مودی سرکار پر الزام لگایا کہ کورونا جیسے غیر متوقع بحران کے باوجود بھی حکومت اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لے رہی ہے۔ پرینکا نے زور دے کر کہا کہ ایسے وقت میں جب پورے ملک کو ایک ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، مودی حکومت اپنے پیش رو منموہن سنگھ کی تجاویز کا بھی مذاق اڑارہی ہے۔وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ اب انہیں اپنے ’پبلک ریلیشن ایکسرسائز‘کوبند کرکے عوام اور حزب اختلاف سے اس بحران کے بارے میں بات کرنا چاہیے۔ کانگریس رہنما نے دعوی کیا کہ مودی حکومت پاکستان کی انٹیل ایجنسی آئی ایس آئی سے بات کرنے کے لئے تیار ہے، لیکن وہ اپوزیشن رہنماؤں سے بات نہیں کرسکتی۔پرینکا نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ آج حزب اختلاف کا کوئی ایسا لیڈر ہے جو حکومت کو مثبت تجاویز نہ دے رہا ہو۔ تمام سیاسی جماعتیں یہ کہہ رہی ہیں کہ وہ بحران میں مرکز ی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منموہن سنگھ 10 سال ہمارے وزیر اعظم رہے۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ کتنی معزز شخصیت تھی۔ اگر وہ کوئی مشورے دے رہے ہیں تو آپ کو ان کی بات سننی چاہیے۔ ان کی تجاویز کو اتنا ہی احترام کے ساتھ سنناچاہیے جتنے احترام کے ساتھ وہ خط دئیے گئے تھے۔ اگر اپوزیشن آواز نہیں اٹھائے گا تو کون اٹھائے گا؟ ان کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب اتوار کے روز ہی منموہن سنگھ نے وزیر اعظم مودی کے نام ایک خط لکھا تھا اور ویکسی نیشن کے بارے میں بہت سارے مشورے دیئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کوآبادی کے مطابق ویکسی نیشن کی فیصد میں اضافہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کچھ اور تجاویز دی تھیں،جنہیں انہوں نے مثبت تعاون قرار دیا تھا، لیکن مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے ان کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کانگریس پارٹی کے ارکان ان کی تجاویز کو سنیں تو تاریخ ان سے نرمی سے پیش آئے گا۔ پرینکا نے مرکزی رہنماؤں اور وزراء پر حملہ کیا اور ان کی انتخابی ریلیوں پر بھی سوال اٹھایا۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان بی جے پی آخری دنوں تک مغربی بنگال اور آسام میں ریلیاں کرتی رہی ہے۔ اس پر پرینکا نے کہا کہ آج بھی وہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ وہ ریلیوں میں اسٹیج سے ہنس رہے ہیں۔ لوگ رو رہے ہیں وہ مدد کے لئے چیخ رہے ہیں، آکسیجن، بستر اور دوائیں ڈھونڈ رہے ہیں اور آپ جاکر بڑی ریلیاں کیسے کرپارہے ہیں؟

Leave a Reply

Your email address will not be published.