سنجے راوت نے مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کی حمایت کی
ممبئی(آئی این ایس انڈیا) شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے مہاراشٹرامیں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے انفیکشن کیسوں کے نتیجے میں بڑے معاشی نقصانات کے باوجود لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی حمایت کی ہے۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر اور سابق سی ایم دیویندرفڑنویس جیسے بی جے پی رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ ہند، پاک جنگ نہیں ہے۔ کوویڈ۔19 کے خلاف اس لڑائی کی سیاست نہیں کرنا چاہیے۔سنجے راوت نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ دیویندرفڑنویس سابق وزیراعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ لوگ لاک ڈاؤن نہیں چاہتے ہیں، ہاں ہم اسے جانتے ہیں لیکن لوگوں کی جان بچانے کاحل کیا ہے؟انہوں نے کہا ہے کہ پرکاش جاوڈیکر کو دہلی میں لیکچر نہیں دینا چاہیے۔ انہیں یہاں آکر دیکھنا چاہیے۔ ریاست کے ساتھ بھی ان کا رابطہ ہے۔ کسی کو بھی اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔مہاراشٹر میں کوویڈ انفیکشن کے کیسوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ہفتے کے روز ایک جماعتی اجلاس منعقد کیا، جہاں ایک متبادل کے طور پر ریاست بھر میں لاک ڈاؤن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔