نئی دہلی:کورونابحران اورلاک ڈاؤن کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر قوم سے خطاب کیا۔وزیراعظم نریندرمودی نے منگل کورات 8بجے قوم سے خطاب کیا۔۔ وزیراعظم کورونا بحران سے باہر نکلنے کے لئے 20 لاکھ کروڑ روپے کا ایک اہم اقتصادی پیکج کا اعلان کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا بحران کو ایسی جنگ قرار دیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نمٹنے کا واحد طریقہ کار، خود کفیل بنانا ہے اور حکومت اس کے لیے ’خود کفیل ہندوستان مہم‘ کے تحت مجموعی طور پر 20 لاکھ کروڑ روپیے کا اسپیشل مالی پیکج دے گی۔ وزیر اعظم مودی نے خصوصی معاشی پیکج خود کفیل ہندوستان مہم کا اعلان کیا ، جو ہندوستان کی جی ڈی پی کا دس فیصد کے آس پاس ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے ہندوستانی صعنتوں کو مضبوطی ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آر بی آئی پیکج اور اس خصوصی پیکج کو جوڑ دیں تو یہ 20 لاکھ کروڑ روپے کا ہوگا ۔لاک ڈاؤن پرپی ایم مودی نے کہاکہ ملک کو جلد ہی لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کے بارے میں بتایا جائے گا۔
منگل کو قوم سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے 4.0کااشارہ دیا۔وزیراعظم نے بتایاکہ 18 مئی سے پہلے، لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کی جانکاری دی جائے گی۔ مودی نے قوم کے نام پیغام میں کہا’’لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ، ’لاک ڈاؤن 4.0‘ مکمل طورپر نئے رنگ وروپ اورنئے قوانین والا ہوگا۔ ریاستوں سے ہمیں جو تجاویز مل رہی ہیں، ان کی بنیاد پر لاک ڈاؤن 4.0 سے منسلک جانکاریاں بھی آپ کو 18 مئی سے پہلے دے دی جائے گی‘‘۔