نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) بین الاقوامی بازارمیں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے بدھ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 18 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جبکہ ڈیزل 17 پیسے سستا ہوگیا۔ اس سال پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ پہلی کمی ہے۔ سرکاری شعبے کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے قیمت کے نوٹیفکیشن کے مطابق دہلی میں پٹرول کی قیمت 91.17 روپئے فی لیٹر سے گھٹ کر 90.99 روپئے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ اسی طرح قومی دارالحکومت میں ڈیزل کی قیمت اب 81.30 روپئے فی لیٹر ہے، جو پہلے 81.47 روپئے تھی۔ٹیکسوں کے مقامی نرخوں (VAT) اور ریاستوں میں نقل و حمل کے اخراجات کی بنا پر ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فرق ہوتاہے۔ رواں سال ان مصنوعات کی قیمتوں میں یہ پہلی کمی ہے۔ آخری بار 16 مارچ 2020 کو قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ گزشتہ ایک سال میں پٹرول کی قیمت میں 21.58 روپئے فی لیٹر ریکارڈ اور ڈیزل کی قیمت میں 19.18 روپئے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ راجستھان، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں کچھ مقامات پر پٹرول کی قیمت 100 روپئے فی لیٹر سے تجاوز کرگیاتھا۔ تاہم فروری کے آخر سے قیمتوں میں اضافے کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔بدھ کے روز ممبئی میں پٹرول کی قیمت 97.57 روپئے سے کم ہوکر 97.40 روپئے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ڈیزل 88.60 روپئے سے گر کر 88.42 روپئے پر آگیا۔