انڈسٹری آکسیجن کا انتظار کر سکتی ہے، لیکن مریض نہیں
نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) ملک میں بڑھتے کرونا بحران میں اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی سمیت کئی شہروں کے کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا سامنا ہے۔ اس سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کی سخت سرزنش کی ہے۔ عدالت نے منگل کے روز کہا کہ قومی دارالحکومت میں کرونا کے مریضوں کو آکسیجن کی مناسب فراہمی نہیں کی جارہی ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ کیا اس سے انڈسٹری کی آکسیجن سپلائی کم کرکے آکسیجن مریضوں کو مہیا کرسکتی ہے۔جسٹس وپین سانگھی اور اور ریکھا پلی کے بنچ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ انڈسٹری آکسیجن کا انتظار کر سکتی ہیں،لیکن مریض آکسیجن کا انتظار نہیں کرسکتے، بڑھتے کرونا بحران میں انسانی جانیں خطرے میں ہیں۔بنچ نے کہا کہ یہ سننے میں آیا ہے کہ گنگا رام اسپتال کے ڈاکٹر کرونامریضوں کو دی جانے والی آکسیجن کو کم کرنے پر مجبور ہیں، کیونکہ وہاں آکسیجن کی قلت ہے۔عدالت نے مرکزی حکومت کی ایڈوکیٹ مونیکا اروڑا سے سوال کیا کہ وہ کون سی صنعتیں ہیں،جن کی آکسیجن سپلائی کم نہیں کی جاسکتی ہے؟ نیز بنچ نے اروڑہ سے یہ معلومات فراہم کرنے کو کہا کہ کرونا کے مریضوں کے لئے آکسیجن کی مناسب فراہمی کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے؟ واضح ہو کہ 19 اپریل کو کرونا کے سلسلے میں دائر درخواست کی سماعت ہورہی تھی، اسی حوالہ سے انہوں نے یہ ہدایات دیں۔