نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیراورراجیہ سبھاکے رکن مختارعباس نقوی نے کورناوائرس سمیت متعددامورپرکانگریس پرسخت حملہ کیاہے۔انہوں نے کہاہے کہ ابھی ہماری لڑائی کورونا سے ہے،کانگریس سے نہیں ہے۔انہوں نے کہاہے کہ کانگریس پارٹی سیاست کی لیبارٹری بن چکی ہے۔ کانگریس پارٹی اس بحران کے حل کا حصہ نہیں بننا چاہتی ہے۔ راہل گاندھی کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ انہوں نے پہلے لاک ڈاؤن پر سوال اٹھایا، اب جب لاک ڈاؤن ہٹایا جارہا ہے،تب وہ اس پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کا حصہ بنیں، کسی بھی طرح کا خلل نہ ڈالیں۔ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات پر مختار عباس نقوی نے کہاہے کہ ہمیں ہتھیارڈالنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اعتمادکے ساتھ خود انحصاری کرتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ زندگی بھر لاک ڈاؤن مسلط نہیں کیا جاسکتا۔ ہم ماہرین کی رائے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ صحیح کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔مختار عباس نقوی نے کہاہے کہ جب کوروناکی گفتگوشروع ہوئی تو اس پر ہمارے ملک میں کام شروع ہوچکا تھا۔ ہم نے ہندوستانیوں کو بیرون ملک سے لایا، یہ صرف ہمارے وزیر اعظم مودی کی دور اندیشی کے ساتھ ہی ممکن تھا۔