فی الحال ریلوے خدمات متاثرنہیں ہوں گی،ریلوے کی وضاحت
نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات سے فی الحال ریل خدمات متاثر نہیں ہوں گی۔ ریلوے نے کہاہے کہ اس کا مسافروں کی خدمات کو روکنے کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔ متعدد ریاستوں سے تارکین وطن مزوروں کی واپسی کی اطلاعات کے درمیان ریلوے کا کہنا ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق ٹرین کی خدمت فراہم کرے گا۔خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ریلوے بورڈ کے چیئرمین سنت شرما نے کہاہے کہ ٹرین خدمات کی کوئی کمی نہیں ہے اور ریلوے مختصر اطلاع پر ٹرینیں چلانے کے لیے تیار ہے۔ کوویڈ۔19 کے تناظر میں، بہت سی ریاستوں نے اپنی سطح پر رہنما اصولوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ کنفیوژن کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے بہت سارے سوالوں کے جوابات دیئے ہیں جو مسافروں کے ذہنوں میں ہلچل مچا رہے ہیں۔ ریلوے نے واضح کیا ہے کہ کوویڈ۔19 منفی سرٹیفیکٹ کے ساتھ ٹرین میں سفر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کچھ ریاستوں نے کوویڈ منفی رپورٹ آمد پر لازمی کردی ہے۔ مسافروں کو کنفیوژن تھا کہ اگر وہ ٹرین میں سوار بھی ہوں توبھی انہیں کوویڈ کی رپورٹ نہیں دکھانا پڑے گی۔ایسا نہیں ہوگا لیکن اپنی منزل مقصود تک پہنچنے پر آپ کو کوویڈ کی منفی رپورٹ دکھانا پڑسکتاہے بشرطیکہ ریاست نے اس طرح کا اعلان کردیا ہو۔ ریلوے نے کہا ہے کہ مسافروں کو ریاستی حکومتوں کے حالیہ کوویڈ 19 کے رہنما خطوط اور پروٹوکول پر عمل کرنا ہے۔