نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)چھتیس گڑھ کے ضلع نکسل سے متاثرہ بیجا پور اور سکما ضلع کے سرحدی علاقے میں سکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے مابین ہونے والے ایک انکاؤنٹر میں 22 فوجی شہید ہوگئے، جبکہ ایک جوان تاحال لاپتہ ہے۔ اسی دوران ایک درجن کے قریب نوجوان زخمی ہیں۔ چھتیس گڑھ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایاہے کہ اس مقابلے میں متعدد نکسلی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انکاؤنٹر کا آغاز اس وقت ہوا جب سی آر پی ایف کی کوبرا کمانڈو ٹیم، ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور اسپیشل ٹاسک فورس کی ٹیم علاقے میں ماؤنوازوں کے خلاف آپریشن کر رہی تھی۔ یہ مقابلہ بسٹر رینج کے بیجاپور ضلع کے تریم کے علاقے میں ہوا۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز چھتیس گڑھ میں نکسلیوں کے ساتھ مقابلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی بہادری کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ شاہ نے کہا کہ حکومت امن اور ترقی دشمنوں کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔انہوں نے ٹویٹ کیاہے کہ میں اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جوچھتیس گڑھ میں ماؤنوازوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ قوم اپنی بہادری کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ میں ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ ہم امن اور ترقی کے ان دشمنوں (نکسلیوں) کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ میری خواہش ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔