نئی دہلی: دہلی اقلیتی کمیشن کی دس ممبران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی نے شمالی مشرقی ضلع کے تشدد زدہ علاقوں میں مستعدی سے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ اس کمیٹی کی صدارت سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ایم آر شمشاد کر رہے ہیں۔ تقریبا ۳۰؍والنٹیرز اس کمیٹی کی مدد کررہے ہیں جس میں جان و مال کا اصل نقصان کا کمیشن کے تیار کردہ مفصل فارموں میں اندراج کرناشامل ہے۔ یہ کام متاثرین کے گھر، دکان یا کیمپ میں جاکر کیا جا رہا ہے۔ ہر بھرے گئے فارم کی رسید بھی متاثر شخص کو دی جاتی ہے۔ دہلی اقلیتی کمیشن پورے معاملے پر نظر رکھ کر ان متاثرین کو بعد میں معاوضہ و انصاف دلوائے گا جن کے فارم افسران نہیں بھر رہے ہیں یا جن کے ایف آئی آر پولیس تھانوں میں نہیں درج ہو رہے ہیں۔ کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی کے ممبران متاثرین، پولیس اور مقامی انتظامیہ سے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ تشدد کے حقائق، اس کے ذمے دار اور بعد کے حالات کا پوری طرح احاطہ کیا جا سکے۔ کمیشن نے مصطفی آباد عید گاہ کیمپ میں بھی ایک ہیلپ ڈیسک لگا یا ہے جہاں متاثرین آکر شکایت درج کراسکتے ہیں، مدد طلب کر سکتے ہیں یا فارم بھر سکتے ہیں۔ کمیشن نے پورے متاثرہ علاقے میں ۴۰؍نوٹس بورڈ بھی آویزاں کر دئے ہیں جس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے بنانے کے بارے میں اطلاع کے ساتھ مندرجہ ذیل تین ہیلپ لائن نمبر دئے گئے ہیں: 8076282502/9540060606/9717455303
دہلی اقلیتی کمیشن کے صدر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان، ممبران کرتار سنگھ کوچر اور انستا سیاگل متاثرہ علاقے میں مستقل جارہے ہیں تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے اور ان کی ہمت بڑھائی جا سکے۔ کمیشن کے والنٹیرز متاثرین میں ریلیف کی تقسیم بھی مستقل کر رہے ہیں جس میں متعدد این جی اوز ، بالخصوص ایکشن ایڈ ، حصہ لے رہے ہیں۔ مندرجہ بالا ہیلپ لائن نمبروں کے ذریعے ان والنٹیرز سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
دہلی اقلیتی کمیشن نے دہلی پولیس کو شمال مشرقی دہلی ضلع میں بھڑکنے والے تشدد کے بارے میں متعدد نوٹس جاری کئے ہیں۔ ان میں شامل ایک نوٹس میں کمیشن نے ڈی سی پی نارتھ ایسٹ کو علاقے میں نوجوانوں کی بلا وجہ گرفتاریوں کے خلاف وارننگ دی ہے اور کہا ہے کہ دستاویز ی ثبوت ملنے پر متعلقہ پولیس افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایک اور نوٹس میں کمیشن نے ڈی سی پی نارتھ ایسٹ سے تشدد سے متعلق تمام ایف آئی آرز کی لسٹ مانگی ہے اور اسی کے ساتھ ان تمام شکایتوں کی کاپی بھی مانگی ہے جن کو ایف آئی آر میں تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کمیشن نے ڈی سی پی نارتھ ایسٹ کو چار فوٹو بھیجے ہیں جن میں پہچان میں آنے والے لوگ ۲۴؍فروری کو بھجن پورہ مارکیٹ کے نزدیک واقع انڈرپاس کے پاس محمد زبیر کی لنچنگ (اجتماعی قتل) کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت اننت بھاردواج کے طور پر ہوئی ہے۔ کمیشن نے ڈی سی پی سے پوچھا ہے کہ ان حملہ آوروں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی، اور اگر نہیں ہوئی ہے تو کیوں؟ اس کے علاوہ کمیشن نے ضلع مجسٹریٹ نارتھ ایسٹ سے علاقے کےایس ڈی ایم آفسوں میں معاوضے کے لئے بھرے گئے فارموں کی مکمل لسٹ طلب کی ہے۔