نئی دہلی:مرکزی وزارت داخلہ نے ریل گاڑی سے لوگوں کے آنے جانے کو آسان بنانے کےلئے معیاری آپریٹنگ پروٹوکول (ایس او پی) جاری کیاہے۔مسافروں کو آنے جانے اور ریلوے اسٹیشن میں داخلے کی اجازت صرف تصدیق شدہ ای۔ ٹکٹ پر ہی دی جائے گی۔ تمام مسافروں کی ضروری طبی جانچ ہوگی۔ صرف ایسے افراد کو ہی ریل گاڑی میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی جن میں کورونا کی کوئی علامت نہیں پائے جائے گی۔ سفر کے دوران اور ریلوے اسٹیشنوں پر صحت ،/ صفائی ستھرائی کے پروٹوکول اور سوشل ڈسٹینسنگ پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
تمام مسافروں کو اسٹیشن پر داخلے اور باہر نکلنے کے وقت اور کوچز میں ہینڈ سنیٹائزر مہیا کرایا جائے گا اور اس کے علاوہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام مسافر داخلے کے وقت اور سفر کے دوران فیکس کور/ ماسک پہنے رہیں۔ منزل مقصود پر پہنچنے پر مسافروں کو صحت سے متعلق ایسے پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا جو ان کی منزل مقصود والی ریاست / مرکز کے زیر انتظام خطے کے ذریعہ مقرر کئے گئے ہوں گے۔
ریلوے کی وزارت کے ذریعہ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت اور وزارت داخلہ کے مشورے سے مرحلے وار طریقے سے ریل گاڑیوں کو آنے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
نیوز ان پٹ پی آئی بی