سہارنپور:دارالعلوم دیوبندکے شیخ الحدیث وصدرالمدرسین مفتی سعیداحمدپالنپوری صاحب کے انتقال پرمولانا محمدسعیدی ناظم ومتولی مظاہرعلوم وقف سہارن پور نے تعزیتی پیغام جاری کرکے افسوس کا اظہارکیاہے۔مولانا محمدسعیدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں شیخ الدیث مفتی سعیداحمدپالنپوری کے انتقال کوعالم اسلام وعلمی دنیاکیلئے عظیم خسارہ بتایا۔مولانا محمدسعیدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھاکہ آج۵۲/رمضان المبارک کو علی الصباح یہ جانکاہ ودلگداز خبرصاعقہ اثرملی کہ اسلام کے عظیم فقیہ ومحدث حضرت مولانامفتی سعیداحمدپالن پوریؒ نے مختصرعلالت کے بعدممبئی کے اسپتال میں داعی اجل کولبیک کہااورخالق حقیقی سے جاملے۔اناللّٰہ واناالیہ واناالیہ راجعون۔
مولانا محمدسعیدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھاکہ مفتی صاحب موصوف دورحاضرکے مثالی محدث،بیباک خطیب،ادیب اریب اورفقیہ لبیب تھے وہ اخیرعمرمیں مسلک علمائے دیوبندکے عظیم ترجمان اورشان تھے ان کے وجودسے طبقہئ علماء کوسکون اورقرارتھا،ان کی گفتگوعالمانہ،ان کی تحریریں محققانہ،ان کاطرزتحریرادیبانہ اوران کااشہب قلم سچ اورحق کاپاسبان وچوبدارتھا،انہوں نے تقریباًنصف صدی تک علم فقہ اورحدیث کی شان کے ساتھ خدمت انجام دے کرنئی نسل کی تعمیروتشکیل میں کلیدی کردارادافرمایاہے۔
مفتی صاحب جس بات کوسچ اورحق سمجھتے تھے اس کے لکھنے اوربیان کرنے میں کسی لومۃ لائم کی پرواہ نہیں کرتے تھے،وہ اپنی ٹھوس استعدادِعلمی اورکمالات فقہی کے باعث دیوبندیت کی ڈھال تھے،انہوں نے مظاہرعلوم(وقف) سہارنپورمیں چندسال پہلے اجلاس ختم بخاری کے موقع پرڈیڑھ گھنٹہ تک مظاہرعلوم کے اپنے دورطالب علمی،یہاں کے اپنے اساتذہ اوراس وقت کے حالات اورماحول پردلچسپ تقریرفرمائی تھی،مفتی صاحبؒکومظاہرواکابرمظاہرسے بے انتہامحبت رہی،چنانچہ انہوں نے شیخ الحدیث حضرت مولانامحمدزکریا مہاجر مدنی ؒ سے اپنے اصلاحی تعلق کی شروعات کی تھی بعدمیں فقیہ الاسلام حضرت مولانامفتی مظفرحسینؒسے خلعت خلافت حاصل ہوئی،چنانچہ یہ خلافت نامہ مفتی محمدامین پالن پوری نے مفتی صاحبؒکی شرح حجۃ اللہ البالغہ کے ابتدائیہ میں شامل کرکے جاویدبنادیاہے۔
اس آنی جانی اورفانی دنیامیں قرارکسی کونہیں ہے سب کی تقدیرمیں یہاں سے فرارمقدرہے،موت سے سبھی کوہمکنارہوناہے، کل نفس ذائقۃ الموت ایک سچائی ہے جس سے مجال انکارکسی نہیں ہے،اب جب کہ مفتی صاحب ہمارے درمیان نہیں رہے تواس موقع پرہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم تعلیمات شریعت،سیرت نبوی اوراحکامات قرآنی کی روشنی میں اپنی زندگیاں گزارکران کی روح کوشاداوران کے مشن کوصادکریں،زیادہ سے زیادہ دعائے مغفرت اورایصال ثواب کریں،رمضان المبارک کے عشرہئ اخیرمیں ان کااس دنیاسے پردہ فرمانااِن شاء اللہ اللہ کی رضا،قرب اورعنایات سے لطف اندوزہونے کاباعث ہوگا۔
اس المناک حادثہ،جانکاہ صدمہ اورصاعقہ اثرخبرکلفت اثرپرہم اپنے آپ کو مستحق تعزیت سمجھتے ہیں ان للّٰہ ماأخذولہ ماأعطی وکل شئی عندہ بأجل مسمی فلتصبرولتحتسب۔ یااللہ تعالیٰ حضرت مفتی صاحبؒکوجنت الفردوس میں مقام رفیع عطافرمااوران کے مشن کے احیاوسربلندی کے لئے غیب سے سامان پیدافرما۔