نئی دہلی:مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانااصغر علی امام مہدی سلفی نے اتر پردیش کے اوریا سمیت ملک کے مختلف مقامات پر مختلف سڑک حادثوں میں کئی درجن مہاجر مزدوروں کی دردناک اموات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے، مرنے والوں کے ورثاء کو قلبی تعزیت پیش کی ہے اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کی ہے اور کہا ہے کہ یہ مزدور و محنت کش جو ملک کی تعمیر و ترقی میں سنگ بنیاد کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی اس طرح سے بے کسی و مظلومیت اور لاچاری کے عالم میں سڑک وٹرین حادثوں میں اموات حد درجہ افسوس ناک و غمناک ہے۔ حکومتوں کو ان مزدوروں کے خورد و نوش، ان کی رہائش اور ان کی جان کے تحفظ کے موثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ اس طرح کے دلدوز واقعات پھر رونما نہ ہوسکیں۔
مولانااصغرعلی نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب کہ پورا ملک عالمی وبا کووڈ ۹۱ سے جوجھ رہا ہے اور روزگار کے ذرائع مسدود ہوجانے کی وجہ سے ملک کی بڑی آبادی نان شبینہ کو محتاج ہو تی جارہی ہے اور مارے بھوک کے یہ مہاجر مزدورلاکھوں کی تعداد میں اپنے وطن واپسی کے لیے بے یار و مددگار پیدل مارچ اور آبلہ پائی کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کے ساتھ اس طرح کے دلدوز و روح فرسا حادثات کا رونما ہونا یقینا ایک مہذب سماج اور ترقی پذیر ملک کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
امیر محترم نے حکومت و عوام سے اپیل کی ہے کہ ان تارکین وطن محنت کشوں اور دیگر محتاجوں اور مجبوروں کی مزید خبرگیری کے ساتھ ساتھ ان کے خورد و نوش اور رہائش کا بھی معقول انتظام کر کے اس طرح کی مزید غیر محفوظ اور جان لیوا ہجر توں کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں۔ اور اس پر سیاست کرنے اور ایک دوسرے پر الزام دھرنے کے بجائے اپنا دینی، اخلاقی، وطنی اور انسانی فریضہ سمجھ کر ان بے بسوں کے تعاون میں جٹ جائیں۔ امیر جمعیت نے اپنے بیان میں ان حادثات میں فوت شدگان کے پسماندگان اور دیش اور دیش کے ہر درد مند دل رکھنے والوں کو قلبی تعزیت پیش کی ہے۔