دہلی:کسی بھی ملک کی سب سے بڑی قوت اورعزت اس کا دستورا ور قانون کی برتری ہے۔ عوام اور حکومت کی بہتری اور مفاد اسی میں مضمر ہے اور شہریوں کے جان ومال اور عزت وآبرو کی حفاظت فرد و معاشرہ کے بنیادی اوراہم ترین مسئلہ ہے۔ ایسے وقت میں موب لنچنگ، بد نظمی اور انتشار پھیلانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے جیسے معاملات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند نے اخبار کے نام جاری ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاملک میں رونما ہونے والے پرویز انصاری جیسے ظالمانہ واقعات کی وجہ سے ہر آدمی شدید تشویش میں ہے۔ اس لیے حکومت کی بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسے پر تشدد واقعات پر عملاً قابو پانے کی اپنی ذمہ داری نبھائے اور عوام جنکاضمیر ابھی اتنا مردہ نہیں ہونا چاہئے، بھی انسانیت و محبت اور ملک اور دیش واسیوں کے تئیں اپنے فرائض کو محسوس کرتے ہوئے اور مختلف دستوری واخلاقی تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس طرح کی مذموم حرکتوں سے خود کو بھی اور اپنے دوسرے بھائیوں کو بھی باز رکھیں کہ ظالم کو ظلم سے روکنا بھی مظلوم اور خود ظالم کی مدد ہے۔ جسے ہر ملت و معاشرہ فرض مانتا ہے۔
امیر محترم نے مزید کہا کہ ہم اس طرح کی تمام حرکات کی مذمت کرتے ہوئے عوام و خواص سے ملک میں امن وبھائی چارہ کے ماحول کو بہتر سے بہتر بنانے رکھنے کی اپیل کرتے ہیں جو ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔