کوروناپھیلنے پرمدراس ہائی کورٹ الیکشن کمیشن پر برہم

madras-high-court

کہا-’شاید قتل کا مقدمہ درج ہوناچاہیے‘
چنئی (آئی این ایس انڈیا) ملک میں کورونا وبا پھیل رہی ہے، کورونا مریضوں کے اعداد و شمار ہر روز نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور اترپردیش میں پنچایت انتخابات کے حوالے سے مسلسل سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ ادھر مدراس ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی ہے۔ ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے لئے صرف الیکشن کمیشن ہی ذمہ دار ہے۔مدراس ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سنجیب بینرجی نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے لئے صرف آپ کا ادارہ ہی ذمہ دار ہے۔ جب انتخابی ریلیاں ہورہی تھیں تو آپ کہاں تھے؟چیف جسٹس نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران پر شاید قتل کا مقدمہ درج ہوناچاہئے۔اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے 2 مئی کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی منسوخ کرنے کا انتباہ بھی دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر تمام پروٹوکول پر عمل کرنے کے لئے مضبوط منصوبہ پیش نہیں کیا گیا تو 2 مئی کو ہونے والے ووٹوں کی گنتی منسوخ کردی جائے گی۔چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ ا بھی صرف بچاؤ اور تحفظ کی صورتحال ہے، باقی سب کچھ بعد میں آتا ہے۔ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ 30 اپریل کو لائحہ عمل پیش کریں کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران کورونا پروٹوکول پر کس طرح عمل کیا جائے گا۔سماعت کے دوران چیف جسٹس شدید برہم ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.