نئی دہلی: کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پورے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کی مدت 31 مئی تک بڑھادی گئی ہے۔بتادیں کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاون کی مدت میں چوتھی مرتبہ توسیع کی گئی ہے ۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مرکزی داخلہ سکریٹری کو آج خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے جاری لاک ڈاؤن کو مزید آگے بڑھائے جانےپر زور دیا ہے۔ اتھارٹی نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کی مدت 31 مئی تک بڑھانے کے لئے کہا ہے۔
مودی حکومت نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بڑھادیا ہے۔ لاک ڈاؤن 4.0 پیر سے شروع ہو جائے گا اور 31 مئی تک جاری رہےگا۔اس دوران ملک بھرمیں سبھی مذہبی مقامات بندرہیں گے۔قابل توجہ بات یہ ہے کہ اگلے ہفتے عید کا تہوار ہے۔اس بار تو عید لاک ڈاؤن 4.0 میں منائی جائے گی۔اس دوران کوئی بھی عیدگاہ یا مسجد میں جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مذہبی مقامات کے علاوہ جم، سوئمنگ پول، اسکول، کالجز، ریستوران، ہوٹل، سینما ہالز اور شاپنگ مالز بھی بند رہیں گے ۔حالانکہ اسکولوں اور کالجوں کی تعلیم آن لائن حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری گائیڈ لائن میں کہاگیاہے کہ سنیما ہال ، شاپنگ مالز ، جم ، سوئمنگ پول ، تفریحی پارک ، تھئیٹر ، بار اور آڈیٹوریم بند رہیں گے ۔ اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیڈیم کھولنے کی اجازت ہوگی ، لیکن ناظرین کا داخلہ ممنوع ہوگا ۔گائڈلائن میں کہاگیاہے کہ ہوٹل اورریستورانت بند رہیں گے مگر ریستوراں کو ہوم ڈیلیوری کیلئے کچن کھولنے کی اجازت دی جائے گی ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری گائیڈ لائن میں کہاگیاہے کہ سبھی سماجی ، سیاسی ، کھیل ، تفریحی ، تعلیمی ، ثقافتی ، مذہبی انعقاد پر پوری طرح سے روک جاری رہے گی ۔سبھی عوامی اور مذہبی مقامات بند رہیں گے ۔