نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے پولیٹکل سائنس ڈپارٹمنٹ میں بروز جمعرات ۲۱ نومبر ڈھائی بجے دوپہر معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان مذاہب فقہیہ کے بارے میں کلیدی خطبہ دیں گے۔ یہ خطبہ نارتھ کیمپس میں سوشل سائنس بلڈنگ کی دوسری منزل پر واقع لکچر ہال میں دیا جائے گا۔ خطبے میں ڈاکٹر ظفرالاسلام خان اہم مذاہب فقہیہ یعنی چار سنی مذاہب (حنفی، شافعی، مالکی اور حنبلی) اور شیعہ مذہب ( جعفری ) کے قیام، تاریخ اور خصوصیات پر روشنی ڈالیں گے۔
ڈاکٹر ظفرالاسلام خان معروف اسلامی اسکالر ہیں جن کی ۵۰ سے زیادہ انگریزی، عربی اور اردو میں تصانیف و تراجم ہیں۔ ہندوستانی مدارس، مصر کی جامعہ ازہر اور قاہرہ یونیورسٹی میں تعلیم پانے کے بعد انہوں نے مانچسٹر یونیورسٹی (برطانیہ) سے اسلامیات میں ہجرت کے مفہوم پر ڈاکٹریٹ کیا۔ ان کے آٹھ مقالات اسلامیات کے اہم مرجع” انسائیکلو پیڈیا آف اسلام ‘‘ میں شائع ہو چکے ہیں۔ وہ دنیا کی متعدد یونیورسٹیوں میں کلیدی خطبہ دے چکے ہیں اور ریاض کی الامام یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر رہ چکے ہیں۔ فی الوقت وہ دہلی اقلیتی کمیشن کے صدر ہیں۔