ہر ایک کو مفت ویکسین دیاجانا بھی سیاسی جملہ بن گیا: کمل ناتھ
بھوپال (آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے عام لوگوں سے ویکسین کے پیسے لینے کے معاملے پر حکومت کو گھیر ا ہے۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ جب چند ماہ قبل انتخابی وقت تھا تو کورونا کی ویکسین بھی دستیاب نہیں تھی، پھر اسے مفت دینے کی بات کی جارہی تھی۔بی جے پی کے تمام لیڈر ملک اور ریاست میں عام لوگوں کو مفت ویکسین کے دعوے کر رہے تھے۔ آج جب یہ ویکسین آگئی ہے، یہ جان کرسخت حیرانی ہوئی کہ بوڑھے اور سنگین مریض کو بھی ویکسین کی دو خوراکوں کے لئے 500 روپے ادا کرنے ہوں گے۔مفت ویکسین بھی ایک سیاسی جملہ بن گیا ہے۔بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کے بارے میں حکومت کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ ریاست میں کورونا کے اعداد و شمار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر وشواس سارنگ نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے، لیکن ہماری حکومت الرٹ پر ہے۔کرائسز مینجمنٹ گروپ کے اجلاس ہوئے ہیں۔ ویکسی نیشن کے ساتھ رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کل سے ویکسی نیشن پروگرام شروع ہوگا۔ اس میں 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین دیئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی شدید بیماری والے 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد بھی ویکسی نیشن کے عمل سے جڑیں گے۔