نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ملک میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے فخر کو ہندوستان کی خودکفیل کی پہلی شرط قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ہر ملک کاہرایک شخص ایساکرے گاتو خود کفیل ہندوستان کی مہم معاشی مہم کے بجائے قومی جذبے کی حیثیت اختیار کرے گی اور جب اس سوچ کے ساتھ ملک آگے بڑھے گا تبھی ہمیں کامیابی مل سکتی ہے۔آل انڈیاریڈیو کے’من کی بات‘ پروگرام کے تازہ ترین قسط میں اپنے خیالات شیئرکرتے ہوئے وزیر اعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ آج خود کفیل ہندوستان کا منتر ملک کے ہر گاؤں میں پہنچ رہا ہے۔خودکفیل ہندوستان مہم کولے کر کولکاتہ کے ایک رنجن کے خیالات پر اتفاق کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ خودکفیل ہندوستان کی پہلی شرط اپنے ملک کی چیزوں پر فخر کرنا، اپنے ملک کے لوگوں کی بنائی ہوئی چیزوں پر فخر کرنا، ہر محب وطن اور ہر باشندہ اگراس میں شامل ہوجاتا ہے، تو خودکفیل ہندوستان صرف ایک معاشی مہم کے بجائے قومی جذبہ بن جاتا ہے۔ وزیر اعظم کے ساتھ اپنے خیالات شیئرکرتے ہوئے رنجن نے کہا تھا کہ خود کفیل بھارت مہم صرف حکومتی پالیسی نہیں ہے، بلکہ قومی جذبہ ہے، خود کفیل ہونے کا مطلب ہے اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرناہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان تب ہی صحیح معنوں میں خود کفیل ہوسکے گا جب ملک اس سوچ کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ خود کفیل ہندوستان کا یہ منتر ملک کے ہر گاؤں میں پہنچ رہا ہے، ملک میں خود کفیل مہم کو جو حمایت مل رہی ہے اس کی مثال دیتے ہوئے وزیراعظم نے بہار کے شہر بٹیاہ کے رہائشی پرمود کا ذکر کیا، وہ کوروناسے قبل ایل ای ڈی بلب بنانے والی فیکٹری میں کام کرتاتھا اور آج وہ خود ایل ای ڈی بلب بنانے والوں میں سب سے کم عمر ہوکر یونٹ چلا رہا ہے۔