نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرشوردھن نے ٹویٹ کرکے معلومات دی کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو بہترین طبی سہولت دی جارہی ہے۔سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ بخار کی وجہ سے پیر کی شام 5 بجے ایمس میں داخل ہوئے تھے۔ انہیں کورونا ویکسین کی دو خوراک دی گئیں ہیں۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ 88 سال کے ہیں اور وہ ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ کی بائی 2پاس سرجری بھی ہوچکی ہے۔ ایسی صورتحال میں احتیاط کے پیش نظر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی پہلی سرجری 1990 میں برطانیہ میں ہوئی تھی۔ 2004 میں ان کی اسکارٹ اسپتال میں انجیو پلاسٹی کی گئی تھی۔ جبکہ ان کی 2009 میں ایمس میں دوسری بائی پاس سرجری ہوئی تھی۔ گذشتہ سال مئی کے مہینے میں بخار کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔ اس وقت بھی کورونا کا وبا اپنے عروج پر تھا۔