
نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹرا کے ورار کے ایک اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے میں 13 کوویڈ مریض ہلاک ہوگئے ہیں۔ وزیر اعظم آفس نے ٹویٹ کرکے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ٹویٹ کے مطابق وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے مریضوں کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ جبکہ اس واقعے میں شدید زخمی مریضوں کے لواحقین کو 50000 روپئے کامعاوضہ بھی دیا جائے گا۔پی ایم او کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے ورار میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں ہلاک ہونے والے مریضوں کے لواحقین کے لئے غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔وزیر اعظم کے ایک دیگرٹویٹ میں اعلان کیا گیا کہ وزیر اعظم مودی نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ اور زخمیوں کے لواحقین کو 50000 معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ جمعرات کو نصف شب میں ورار کے وجے ولبھ اسپتال میں آگ لگی تھی، جس کی وجہ سے کوویڈ کے 13 مریض اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اسپتال کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ واقعے کے وقت یہاں تقریباً90 مریض داخل تھے۔