لال قلعہ تشدد سے متعلق اے ایس آئی کیس میں بھی دیپ سدھو کو ملی ضمانت

نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) یوم جمہوریہ پر کسان ٹریکٹر پریڈ کے دوران لال قلعے میں ہونے والے تشدد کے ایک معاملے کے ملزم دیپ سدھو کو دہلی کی ایک عدالت سے راحت ملی ہے۔ لال قلعہ تشدد سے متعلق اے ایس آئی کیس میں پیر کو دیپ سدھو کو ضمانت مل گئی۔ دہلی کی تیس ہزاری کورٹ نے ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے دیپ سدھو کو یہ ضمانت 25 ہزار روپئے کے ذاتی مچلکے پر دی ہے۔ اے ایس آئی نے اس سلسلے میں معاملے مقدمہ درج کیا تھا۔اس سے قبل 17 اپریل کو دیپ سدھو کو تیس ہزاری کورٹ نے ضمانت دے دی تھی، لیکن ضمانت ملنے کے فورا بعد ہی دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے انہیں تہاڑ جیل سے گرفتارکرلیا تھا۔ جیل سے باہر آنے سے قبل کرائم برانچ نے دیپ سدھو کو محکمہ آثار قدیمہ کی شکایت پر درج ایف آئی آر کی بنیاد پر گرفتار کیاتھا۔ خصوصی جج نیلوفر عابدہ پروین نے 30 ہزار روپئے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کے دو ضمانت دار پیش کرنے پر ملزم کی ضمانت منظور کی تھی۔ضمانت دیتے ہوئے جج نے ملزم دیپ سدھو کو ہدایت کی کہ وہ اپنا پاسپورٹ تفتیشی افسر کے پاس جمع کرائے اور جب بھی ضرورت پڑے تو پولیس اسٹیشن اور عدالت میں حاضر ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.