ہندوستان میں کورونا کے 332730 نئے کیسز درج، 2263 اموات

نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)ہندوستان میں کورونا کا قہر بدستور جاری ہے اور ہر روز نمایاں کیسز درج ہورہے ہیں، اور ریکارڈ سطح پر اموات بھی ہورہی ہیں۔ جمعہ کے روز ملک میں مسلسل دوسرے دن تین لاکھ سے زائدکیسز درج ہوئے۔ ویسے یہ مسلسل چھٹا دن ہے جب ملک میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 332730 کیسز درج کئے گئے جس کی وجہ سے ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ اور 62 لاکھ سے تجاوز کرکے 16263695 ہوگئی ہے۔ اسی دوران 2263 مریضوں کی موت ہو ئی ہے، اور یہ بھی ایک ہی دن میں ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جس کی وجہ سے ملک میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 186920 ہوگئی۔اس سال اپریل میں کورونا وائرس نے کس قدر قہر برپاکررکھا ہے اس کا اندازہ اس مہینے کے پہلے 23 دنوں میں نئے کیسزکی تعداد سے لگایا جاسکتا ہے۔ یکم اپریل سے اب تک ملک میں 4114360 نئے کیسزدرج کیے گئے ہیں، اور اپریل میں مجموعی طور پر 24452 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ویسے یہ مسلسل نواں دن ہے، جب ملک میں کورونا وائرس کے دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مزید برآں جمعہ کو مسلسل تیرہواں دن ہے، جس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں، اور مسللس 17 ویں دن جب ملک میں ایک لاکھ سے زائدنئے کیسز درج ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.