نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا): یوپی، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ سمیت بیشتر ریاستیں جولائی میں اسکول کھولنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ان ریاستوں کا کہنا ہے کہ اس وقت اسکول کھولنا ممکن نہیں ہے۔ زیادہ تر ریاستوں میں اسکولوں کو قرنطینہ مرکز بنا دیا گیا ہے۔ کرونا انفیکشن اور متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ان قرنطینہ سینٹر کو خالی کرایا جانا ممکن نہیں ہے۔اس صورتحال میں کئی ریاستیں مرکز کی ہدایت نامہ کا انتظار کر رہی ہیں۔
ریاستوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس پر دو دن بعد بات چیت ہوگی۔ تاہم، حتمی فیصلہ والدین اور گارجین سے پوچھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ فی الحال، آن لائن اور فاصلاتی تعلیم پر زیادہ زور دیا جارہا ہے۔ ایم پی میں ریاست کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 30 جون تک تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ہفتے کے روز اس سلسلے میں ایک ہدایت نامہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ طلباء کے ساتھ تمام اساتذہ کے لئے بھی چھٹی ہوگی۔ اس عرصے کے دوران، صرف آن لائن تعلیم کے تحت ہی اسکولوں کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ تعلیمی محکمہ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ وہیں راجستھان میں فی الحال 30 جون تک موسم گرما کی تعطیلات ہیں۔ حکومت کی طرف سے اسکول کھولنے کی کوئی تیاری نہیں ہے۔ اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی ہے۔
ریاستی حکومت اس معاملے میں مرکز کی طرف سے آنے والے رہنما اصول کا انتظار کر رہی ہے، مرکزی سرکار کے ایڈوائزری کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ وہیں اتر پردیش کے چیف سکریٹری آر کے تیواری نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے تمام اسکول، کالج، تعلیمی، کوچنگ،انسٹی ٹیوٹ بند رہیں گے، تاہم اس مدت کے دوران آن لائن تعلیم کی عمومی اجازت ہوگی۔وہیں کرونا انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹرا بھی اسکول کھولنے کی حکمت عملی پر کام کیا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے واضح کیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ رابطہ اور انفیکشن نہیں ہے، وہاں معاشرتی فاصلے پر عمل کرتے ہوئے اسکول کھولے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیا تعلیمی سال جون میں شروع ہونا چاہئے، جیسا کہ عام وقت بھی ہے۔ ریاست میں آن لائن تعلیمی نظام کی ترقی اور استحکام کی ضرورت ہے۔ ایسی جگہوں پر جہاں اسکول کھولنے میں پریشانی ہو، آن لائن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جاسکتی ہیں۔ وہیں بہارمیں اسکول کھولنے سے متعلق 10 نکاتی رپورٹ طلب کی گئی ہے،جس میں والدین اور اسکول کے ذمہ دارسے تجاویز طلب کئے گئے ہیں، تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب میں اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ریاست میں 30 جون تک لاک ڈاؤن ہے۔پنجاب اسکول ایجوکیشن بورڈ نے پانچویں، آٹھویں، دسویں اور بارہویں کے تمام طلبہ کو بغیر امتحان اگلی کلاسوں میں ترقی دے دی ہے۔