نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) گذشتہ ایک ہفتہ سے ہر روزہندوستان میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زیادہ کیسز درج ہورہے ہیں اور گزشتہ تین دنوں میں یہ تعداد ڈیڑھ لاکھ سے متجاوز ہوچکی ہے۔کورونا کیسز میں اضافے کی رفتار کو اس بات سے اندازہ لگا یا جاسکتا ہے کہ صرف 7 دن میں ریکارڈ دس لاکھ کیسز درج کیے گئے ہیں، جو اب تک کی سب سے تیز رفتار ہے۔ ہندوستان میں پہلی بار 05 اپریل 2021 کو ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس نے کورونا کے سب سے زیادہ کیسز کا گزشتہ ریکارڈ بھی توڑدیا تھا، جو 17 ستمبر 2020 کو 97894 کیسز کا تھا۔ لیکن 7 اپریل سے 13 اپریل کے درمیان آٹھ دن میں 10 لاکھ 03 ہزار 314 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتہ میں جس طرح سے کورونا وائرس کو نئے کیسز میں 5 سے 10 فیصد تک اتار چڑھاؤ نظر آرہا ہے، اگلے ہفتے یہ تعداد دو لاکھ کو عبور کر سکتی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا امریکہ کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ اب تک کسی بھی ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ ڈھائی لاکھ کورونا کیسز درج ہوئے ہیں۔ سنٹر فار ڈسوج کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے مطابق امریکہ میں 16 دسمبر 2020 کو ایک دن میں 2.48 لاکھ کورونا کیسز درج ہوئے تھے اور ایک ہی دن میں 2706 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس وقت ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مجموعی طور پر کورونا کیسز 1 کروڑ 50 لاکھ کے قریب تھے، جس کی طرف آج ہندوستان گامزن ہے۔جب ستمبر میں ہندوستان میں کورونا کی پہلی لہر عروج پر تھی تب 4 سے 15 ستمبر کے درمیان ہندوستان میں 11 دنوں میں 10 لاکھ کیسز درج ہوئے تھے،لیکن 7 سے 13 اپریل کے درمیان ایک ہفتہ میں 10 لاکھ سے زیادہ کیسز درج ہوئے ہیں یہ سب سے کم دنوں میں دس لاکھ کیسز درج ہونے کا ریکارڈ ہے۔اگر ہم گزشتہ ایک ہفتہ کی بات کریں تو امریکہ میں کورونا کے 4.73 لاکھ کیسز درج ہوئے ہیں۔ جبکہ ہندوستان میں اس سے دوگنا کیسز درج ہوئے۔ 12 اپریل کو امریکہ میں صرف 49409 کیسزدرج کئے گئے، جبکہ ہندوستان میں تین گنا کیسز (1.61 لاکھ) سے زیادہ ہیں۔ تاہم امریکہ اور ہندوستان میں یومیہ اموات کی اوسط تعداد 800-900 کے قریب ہے۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 328 مریضوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ ہندوستان میں اس سے زیادہ 879 اموات ہوچکی ہیں۔